مشرق وسطیٰ

ہندوستانی عازمین کی پہلی پرواز مدینہ پہنچ گئی

ہندوستان سے عازمین حج کی پہلی پرواز جمعرات کو سعودی عرب پہنچی جہاں ایئرپورٹ پر ہندوستانی سفیر نے ان کا استقبال کیا۔عرب نیوز کے مطابق حج کوٹہ 2024 کے تحت انڈیا سے ایک لاکھ 75 ہزار 25 مسلمان حج ادا کرنے کی غرض سے سعودی عرب کا سفر کریں گے۔

مدینہ منورہ /جدہ: ہندوستان سے عازمین حج کی پہلی پرواز جمعرات کو سعودی عرب پہنچی جہاں ایئرپورٹ پر ہندوستانی سفیر نے ان کا استقبال کیا۔عرب نیوز کے مطابق حج کوٹہ 2024 کے تحت انڈیا سے ایک لاکھ 75 ہزار 25 مسلمان حج ادا کرنے کی غرض سے سعودی عرب کا سفر کریں گے۔

جاریہ سال 14 جون سے مناسک حج شروع ہونے کا امکان ہے اور 19 جون کو اختتام پذیر ہوں گے۔ اگرچہ حج کے مراحل 5 یا 6 دنوں میں مکمل ہو جاتے ہیں لیکن عازمین اس سے پہلے پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔

دہلی حج کمیٹی کی سربراہ کوثر جہاں نے عرب نیوز کو بتایا کہ حج کے لیے پہلی پرواز 285 عازمین کو لے کر نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جمعرات کی دوپہر 2 بج کر 20 منٹ پر روانہ ہوئی تھی۔مدینہ پہنچنے پر انڈیا کے سعودی عرب میں سفیر سہیل اعجاز خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ عازمین کا استقبال کیا۔

اس موقع پر سعودی وزیر برائے ٹرانسپورٹ و لاجسٹکس سروس صالح بن نصیر الجسر اور سعودی نائب وزیر برائے حج و عمرہ عبدالفتاح مشاط بھی موجود تھے۔جدہ میں ہندوستانی حج مشن نے اپنے فیس بک پیج پر پوسٹ کیا کہ ’ہندوستانی عازمین حج کی پہلی پرواز مدینہ پہنچ گئی ہے اور ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا ہے۔ پہلی پرواز کی آمد کے ساتھ انڈیا کے حج 2024 کا آغاز ہو گیا ہے۔‘

ہندوستانی حج کمیٹی کے چیئرمین اے پی عبداللہ کٹی نے کہا کہ جمعرات کو انڈیا کے مختلف شہروں سے پروازیں روانہ ہوئیں۔انہوں نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’حج پروازوں کے پہلے دن 9 مئی کو انڈیا میں تقریباً دس مقامات سے متعدد جہاز روانہ ہوئے۔‘

ان شہروں میں بینگلور، حیدر آباد، جے پور اور انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے دارالحکومت سرینگر شامل ہیں۔کمیٹی کے چیئرمین اے پی عبداللہ کٹی نے بتایا کہ رواں سال 4 ہزار سے زائد خواتین محرم کے بغیر فریضہ حج ادا کریں گی۔

انڈیا میں حج کی تیاری کے انتظامات کی نگرانی وزارت خارجہ میں سکریٹری برائے کونسلر، پاسپورٹ ویزہ اور اوررسیز افیئرز مکتیش کے پردیشی کر رہے ہیں جو منگل کو سعودی عرب کا دورہ مکمل کر کے واپس لوٹے ہیں۔وزارت نے جاری بیان میں کہا کہ دورہ کے دوران سکریٹری نے جدہ اور مدینہ میں حج 2024 کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

بیان کے مطابق سکریٹری نے سعودی نائب وزیر برائے حج ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط سے ملاقات کی اور عازمین کی سہولت اور دیکھ بھال کے لیے کیے گئے انتظامات پر بات چیت کی۔