شمالی بھارت

مودی، ملک کے وقار کی دھجیاں اُڑا رہے ہیں: سونیا گاندھی

سینئر کانگریس قائد سونیا گاندھی نے ہفتہ کے دن وزیراعظم نریندر مودی پر ملک کے وقار اور جمہوریت کی دھجیاں اڑانے کا الزام عائد کیا۔

جئے پور: سینئر کانگریس قائد سونیا گاندھی نے ہفتہ کے دن وزیراعظم نریندر مودی پر ملک کے وقار اور جمہوریت کی دھجیاں اڑانے کا الزام عائد کیا۔

متعلقہ خبریں
گاندھی خاندان کا ذاتی مکان نہیں ہے:ریونت ریڈی
جمہوریت کے دفاع میں متحدہونے کاوقت آچکاہے:اپوزیشن
ماحول ہمارے حق میں ہے تاہم حد سے زیادہ پراعتماد نہ ہوں: سونیاگاندھی
ہندوستان کے پہلے فوجی طیارہ ساز یونٹ کا افتتاح
ہندوستان قیام امن کیلئے اپنا رول ادا کرنے تیار: نریندر مودی

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن قائدین کو بی جے پی میں شامل ہونے کے لئے مجبور کرنے مختلف حربے اختیار کئے جارہے ہیں۔ جئے پور میں کانگریس کے انتخابی جلسہ سے خطاب میں سابق صدر کانگریس نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ 10 سال سے ملک ایسی حکومت کے ہاتھوں میں ہے جس نے بے روزگاری‘ مہنگائی‘ معاشی بحران اور نابرابری کو بڑھاوا دینے کی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

سونیا گاندھی نے کہا کہ آج ہمارے ملک کی جمہوریت خطرہ میں ہے۔ جمہوری اداروں کو برباد کیا جارہا ہے۔ ہمارا دستور بدلنے کی سازش ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آمریت ہے اور ہم سب اس کا جواب دیں گے۔ کانگریس قائد نے کہا کہ خود کو عظیم سمجھنے والے نریندر مودی‘ ملک کے وقار اور اس کی جمہوریت کی دھجیاں اُڑارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک چند افراد کی جائیداد نہیں ہے۔ وہ سب کا ہے۔ ہمارے آباواجداد نے اس کے لئے اپنا خون بہایا ہے۔ کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے نے اپنے خطاب میں وزیراعظم نریندر مودی کو ”جھوٹوں کا قائد“ قراردیا اور جاننا چاہا کہ وزیراعظم نے قبل ازیں دی گئی اپنی ضمانتیں پوری کرنے کے لئے کیا اقدامات کئے۔ انہوں نے بی جے پی حکومت کی خارجہ پالیسی پر بھی سوال اٹھایا اور دعویٰ کیا کہ چین‘ ہندوستان کی زمین پر قبضہ کرتا جارہا ہے۔

وہ ہندوستانی مواضعات کے نام بدل رہا ہے لیکن وزیراعظم مودی اس پر کچھ بھی نہیں کہتے۔ وہ قبل ازیں 56 اِنچ کے سینہ کا دعویٰ کرتے تھے۔ 56 اِنچ ہو 55 یا 54 ہم درزی کو بلائیں گے اور ناپیں گے۔ دیکھیں گے کہ اصل میں یہ سینہ کتنے اِنچ کا ہے۔

کانگریس صدر نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی‘ان کے آدمی اور آر ایس ایس کا کہنا ہے کہ ہمیں دوتہائی اکثریت دو ہم اس ملک کا دستور بدل دیں گے۔ جمعہ کے دن شروع میں وزیراعظم کی تقریر کے حوالہ سے کانگریس صدر نے کہا کہ مودی نے اُس مقام پر دفعہ 370 کی برخاستگی کی بات کی جہاں انہیں یہ بتانا چاہئے تھا کہ انہوں نے کسانوں کے لئے کیا کیا۔

قبل ازیں پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال اور جھارکھنڈ کے سابق چیف منسٹر ہیمنت سورین کی وفاقی ایجنسیوں کے ہاتھوں گرفتاری کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی والے بدعنوانوں کو اپنی پارٹی میں شامل کررہے ہیں۔

ایسے لوگ بی جے پی میں شامل ہوتے ہی صاف ستھری امیج والے بن جاتے ہیں اور ان پر کوئی انگلی نہیں اٹھاتا۔ پرینکا گاندھی وڈرا نے کہا کہ ہم نے اپنے منشور کو نیائے پتر کا نام دیا ہے۔ سابق چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوت اور سابق ڈپٹی چیف منسٹر سچن پائلٹ نے بھی خطاب کیا۔