میں نے یقینا غلطی کی‘ سری کانت تیاگی کا اعتراف
ایک ویڈیو سامنے آیا ہے جس میں سیاستداں سری کانت تیاگی کو یہ تسلیم کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ اس نے نوئیڈا کی سوسائٹی میں عورت پر حملہ کرکے غلطی کی۔
نوئیڈا: ایک ویڈیو سامنے آیا ہے جس میں سیاستداں سری کانت تیاگی کو یہ تسلیم کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ اس نے نوئیڈا کی سوسائٹی میں عورت پر حملہ کرکے غلطی کی۔
اس نے اس عورت کو اب اپنی بہن کہا ہے۔ منگل کے دن گرفتاری کے بعد یہ ویڈیو آن لائن ہوا لیکن ممکن ہے کہ اسے گرفتاری سے قبل بنایا گیا ہو۔
تیاگی کو منگل کی صبح میرٹھ سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔ سوسائٹی کے کامن ایریا میں پودے لگانے کے جھگڑے کے بعد سے وہ 4 دن فرار رہا۔ تیاگی اور عورت دونوں سیکٹر 93 بی نوئیڈا کی ایک ہی ہاؤزنگ سوسائٹی میں رہتے ہیں۔
تیاگی کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ اس پر گینگسٹر ایکٹ لگادیا گیا۔ ویڈیو میں تیاگی کو یہ کہتے سناجاسکتا ہے کہ وہ عورت ہے اور میری بہن جیسی ہے۔
میری طرف سے یقینا غلطی ہوئی ہے جس کا میں اعتراف کرتا ہوں۔ اگر بہن جی سمجھتی ہیں کہ مجھے معافی مانگنی چاہئے تو میں معافی مانگ سکتا ہوں۔
میں نے جو کچھ کہا تھا وہ غصہ میں کہا تھا۔ بعد میں مجھے احساس ہوگیا کہ مجھے زندگی میں کسی کے بھی خلاف ایسی زبان استعمال نہیں کرنی چاہئے۔ تیاگی نے دعویٰ کیا کہ میں نے گرانڈ اومیکس سوسائٹی کے بلڈر سے 5 تا6 فیصد زائد رقم دے کر اپنی پسند کا اپارٹمنٹ خریدا تھا۔