ناگرجنا ساگر کے بائیں کنال کا پشتہ ٹوٹ گیا
اس واقعہ کے سبب مُپارم، گنتاکاگوڑم اور نرسمہاگوڑم علاقوں کی تقریبا ایک ہزارایکڑارضیات پانی میں محصور ہوگئیں۔اس واقعہ کے ساتھ ہی مقامی افراد میں پریشانی دیکھی گئی جن کو خوف تھا کہ مواضعات کے نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوجائے گا۔
حیدرآباد: ناگرجناساگر کے بائیں کنال کا پشتہ ٹوٹ گیا جس کے نتیجہ میں ایک ہزارایکڑپر پھیلی فصلوں کو نقصان پہنچا۔بدھ کی شب ضلع کے ویم پاڈوکے قریب یہ پشتہ ٹوٹ گیا جس کے نتیجہ میں حکام، اس کنال میں پانی چھوڑنے سے روکنے پر مجبور ہوگئے۔
اس واقعہ کے سبب مُپارم، گنتاکاگوڑم اور نرسمہاگوڑم علاقوں کی تقریبا ایک ہزارایکڑارضیات پانی میں محصور ہوگئیں۔اس واقعہ کے ساتھ ہی مقامی افراد میں پریشانی دیکھی گئی جن کو خوف تھا کہ مواضعات کے نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوجائے گا۔
اس پراجکٹ کے سپرنٹنڈنگ انجینئردھرمانائک نے کہاکہ کنال کی سی سی لائننگ کو نقصان پہنچااور سوپروائزرس نے پانی کو چھوڑنے سے پہلے معمول کی جانچ کے دوران اس کو محسوس نہیں کیا۔پانی کے شدید پریشر کے سبب کنال بینک میں پیدا ہوئے شگاف سے یہ واقعہ پیش آیاتاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس واقعہ کے اندرون دس منٹ اس لفٹ کنال میں پانی چھوڑنے کا کام روک دیاگیا۔
رہائشی علاقوں میں پانی کے داخل ہونے کے امکانات کافی کم ہیں۔انہوں نے کہاکہ زرعی کھیتوں کے ذریعہ جانے والا پانی، ندمانور واگو میں داخل ہوگیا۔انہوں نے کہاکہ فصلوں کو کوئی بڑانقصان نہیں ہوا ہے کیونکہ یہ فصلیں ابتدائی مرحلہ کی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ اس پراجکٹ کے انجینئرس اس واقعہ کے ساتھ ہی وہاں پہنچ گئے اور صورتحال کی نگرانی کی۔انہوں نے کہاکہ پانی کے بہاو کو مکمل طور پر روک دینے کے فوری بعد کنال کی مرمت کے کام انجام دیئے جائیں گے۔