وِلے پارلے میں رہائشی عمارت کی گیارہویں منزل پر بھیانک آگ دو ہلاک چھ زخمی
فائر بریگیڈ اہلکاروں نے تقریباً تین گھنٹے کی کارروائی کے بعد بدھ کی صبح تقریباً ایک بجے آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا۔ اس کے بعد بھی آگ دوبارہ بھڑکنے کے خدشے کے پیش نظر جائے حادثہ پر ضروری کارروائی جاری رکھی گئی
ممبئی : ممبئی کے مضافاتی علاقے وِلے پارلے ویسٹ میں منگل کی رات شانت بھون بلڈنگ کی گیارہویں منزل پر واقع دو فلیٹوں میں بھیانک آگ لگنے سے ڈھائی سالہ بچے سمیت دو افراد ہلاک اور چھ دیگر زخمی ہوگئے۔ آگ بپٹسٹا روڈ اور چرچ روڈ پر سینٹ زیویئر اسکول کے قریب واقع عمارت میں لگی۔ اطلاع ملتے ہی ممبئی فائر بریگیڈ، پولیس، بجلی کی تقسیم کار کمپنی، 108 ایمبولینس سروس اور بی ایم سی وارڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر راحت اور بچاؤ کارروائی شروع کردی۔
حکام کے مطابق آگ منگل کی رات تقریباً 10 بج کر 2 منٹ پر لگی۔ ممبئی فائر بریگیڈ نے رات 10 بج کر 8 منٹ پر اسے ابتدائی طور پر لیول ون کی آگ قرار دیا، تاہم آگ کی شدت بڑھنے کے بعد تقریباً آٹھ منٹ بعد اسے لیول ٹو ایمرجنسی قرار دے دیا گیا۔
فائر بریگیڈ کے مطابق اسٹلٹ پلس گیارہ منزلہ عمارت کی گیارہویں منزل پر واقع فلیٹ نمبر 1101 اور 1102 آگ کی زد میں آئے۔ تقریباً چار ہزار مربع فٹ کے علاقے میں بجلی کی وائرنگ، برقی تنصیبات، ایئر کنڈیشننگ یونٹس، گھریلو سامان، فرنیچر، فالس سیلنگ اور باورچی خانے کے برتن سمیت دیگر اشیا جل کر تباہ ہوگئیں۔
فائر بریگیڈ اہلکاروں نے تقریباً تین گھنٹے کی کارروائی کے بعد بدھ کی صبح تقریباً ایک بجے آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا۔ اس کے بعد بھی آگ دوبارہ بھڑکنے کے خدشے کے پیش نظر جائے حادثہ پر ضروری کارروائی جاری رکھی گئی۔
حادثے کے بعد مجموعی طور پر آٹھ افراد کو علاج کے لیے کوپر اسپتال اور ناناوتی اسپتال منتقل کیا گیا۔ کوپر اسپتال میں فائر بریگیڈ کے اہلکار 30 سالہ منوج سوناونے اور 29 سالہ شیوم دویدی کا معمولی چوٹوں کے باعث علاج کیا گیا، جس کے بعد دونوں کو اسپتال سے رخصت کردیا گیا۔
ناناوتی اسپتال میں ڈھائی سالہ عبیر اور 23 سالہ انکیتا کو لایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دیا۔ ہلاک ہونے والوں میں ڈھائی سالہ بچہ بھی شامل ہے۔
دیگر زخمیوں میں 32 سالہ پارتھ اور 64 سالہ ہیرن شامل ہیں، جنہیں اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق دونوں کی حالت مستحکم ہے۔ 33 سالہ یشسوی اور ابی شیخ کا علاج کیا گیا، جس کے بعد انہیں اسپتال سے رخصت کردیا گیا۔ حکام کے مطابق مجموعی طور پر چھ افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں دو فائر بریگیڈ اہلکار بھی شامل ہیں۔
آگ لگنے کی اصل وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ ممبئی فائر بریگیڈ اور پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ متاثرہ دونوں فلیٹوں کو فی الحال گھیرے میں لے لیا گیا ہے، جبکہ عمارت کی برقی تنصیبات اور دیگر حفاظتی انتظامات کی بھی جانچ کی جارہی ہے۔