کرلا میں پہاڑی تودہ گرنے سے چھ افراد ہلاک چار زخمی
مزید افراد کے ملبے میں دبے ہونے کا خدشہ این ڈی آر ایف فائر بریگیڈ اور بی ایم سی کی امدادی کارروائی جاری
ممبئی : ممبئی کے کرلا ویسٹ کے چراغ نگر میں واقع غوثیہ چال میں بدھ کی علی الصبح شدید بارش کے دوران پہاڑی تودہ گرنے سے چھ افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔ حادثہ رتھوڑ میڈیکل کے قریب صبح تقریباً تین بج کر 48 منٹ پر پیش آیا۔ پہاڑی کا بڑا حصہ چال کی جھونپڑیوں اور مکانات پر جاگرا، جس کے بعد ملبے میں مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔ ممبئی فائر بریگیڈ، پولیس، بی ایم سی، نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور 108 ایمبولینس سروس کی ٹیموں نے فوری طور پر راحت اور بچاؤ کارروائی شروع کردی۔
حکام کے مطابق ملبہ چال کے دو سے تین کمروں سمیت متعدد رہائشی ڈھانچوں پر گرا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں نے ملبہ ہٹانے اور اس میں پھنسے افراد کی تلاش شروع کردی۔ صبح چار بج کر 32 منٹ پر صورتحال کو لیول ٹو ایمرجنسی قرار دیا گیا۔ امدادی کارروائی کے دوران ملبے میں چھ سے آٹھ افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا، تاہم بعد کی اطلاعات میں یہ تعداد چار سے چھ افراد بتائی گئی۔
حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت 28 سالہ ساحل انصاری، 14 سالہ محمد سمیر انصاری، 45 سالہ نامعلوم شخص، دو سالہ ابان عارف شیخ، چار سالہ منات عارف شیخ اور 27 سالہ مرجینا عارف شیخ کے طور پر ہوئی ہے۔ تمام لاشیں راجا واڑی اسپتال منتقل کی گئیں، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ زخمیوں میں 18 سالہ سہیل انصاری، 14 سالہ محمد انصاری، 28 سالہ نعیم الدین اقبال خان اور 16 سالہ ساجد انصاری شامل ہیں۔ چاروں کو کرلا بھابھا اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت مستحکم ہے۔
میئر ریتو تاوڑے نے مہلوکین کے اہل خانہ کے لیے چار لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا۔ ممبئی کی میئر ریتو تاوڑے نے جائے حادثہ کا دورہ کرکے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور امدادی کارروائی کا جائزہ لیا۔ بی ایم سی کے مطابق ہر مہلوک کے اہل خانہ کو چار لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 50 ہزار روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔ میئر نے تمام متعلقہ ایجنسیوں کو بہتر تال میل کے ساتھ راحت اور بچاؤ کارروائی میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔
ایڈیشنل میونسپل کمشنر ایسٹ سبربس ڈاکٹر اویناش ڈھاکنے، ایل وارڈ کے انچارج اسسٹنٹ کمشنر انیل جادھو اور دیگر سینئر شہری افسران نے بھی جائے حادثہ کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس گنیش شندے کے مطابق پہاڑی تودہ بارش کے باعث گرا۔ حادثے کے بعد پولیس اہلکاروں کے ساتھ بی ایم سی، این ڈی آر ایف، ممبئی فائر بریگیڈ اور 108 ایمبولینس سروس کی ٹیمیں بھی موقع پر تعینات کی گئیں۔ فائر بریگیڈ اور دیگر امدادی ٹیمیں ملبہ احتیاط سے ہٹاتے ہوئے ممکنہ طور پر زندہ افراد کی تلاش میں مصروف رہیں۔
فائر بریگیڈ اور بی ایم سی کی ٹیموں نے خصوصی امدادی آلات کے ذریعے ملبہ صاف کرنے اور متاثرہ افراد کو نکالنے کا کام کیا۔ انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقے کے آس پاس موجود خطرناک مکانات اور دیگر مقامات کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جاسکے۔