نوجوانوں میں شرح روزگار 5 سال کی نچلی ترین سطح پر:ورون گاندھی
سی ایم آئی ای کے اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ نوجوانوں میں روزگار کی شرح 20.9 فیصد سے گھٹ کر 10.4 فیصد ہوگئی ہے۔ پیلی بھیت کے رکن پارلیمنٹ نے کئی مسائل بشمول روزگار کے مسئلہ سے نمٹنے حکومت کے طریقہ پر تنقید کی۔
نئی دہلی: بی جے پی رکن پارلیمنٹ ورون گاندھی نے آج سنٹر فار مانیٹرنگ انڈین اکانومی (سی ایم آئی ای) کے اعدادوشمار کے حوالہ سے دعویٰ کیا کہ ملک میں شرح روزگار 5 سال کی سب سے نچلی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے حال ہی میں سرکاری محکموں سے کہا ہے کہ وہ 10 لاکھ ملازمتوں پر تقررات کریں اور کہا کہ اب تک کوئی بھی اس سلسلہ میں کوئی ٹھوس منصوبہ تیار کرنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ جدوجہد کرنے والے نوجوان کب تک انتظار کریں گے۔
سی ایم آئی ای کے اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ نوجوانوں میں روزگار کی شرح 20.9 فیصد سے گھٹ کر 10.4 فیصد ہوگئی ہے۔ پیلی بھیت کے رکن پارلیمنٹ نے کئی مسائل بشمول روزگار کے مسئلہ سے نمٹنے حکومت کے طریقہ پر تنقید کی۔
جون میں مودی نے مختلف سرکاری محکموں اور وزارتوں سے کہا تھا کہ وہ آئندہ دیڑھ سال میں 10لاکھ افراد کا ”مشن موڈ“ میں تقرر کریں۔ وزیراعظم کے دفتر (پی ایم او) نے بتایا تھا کہ وزیراعظم نے تمام سرکاری محکموں اور وزارتوں میں انسانی وسائل کے موقف کا جائزہ لینے کے بعد یہ ہدایت جاری کی تھی۔