دہلی

پائلٹس کی ہڑتال: لفتھانسا کی 2 پروازیں منسوخ۔ 700مسافرین پھنس کر رہ گئے

اندراگاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ ٹرمنل 3 پر جمعہ کے دن تقریباً 700 مسافرین پھنس کر رہ گئے کیونکہ جرمن ایرلائنس لفتھانسا نے پائلٹس کی ہڑتال کی وجہ سے اپنی 2 پروازیں منسوخ کردیں۔

نئی دہلی: اندراگاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ ٹرمنل 3 پر جمعہ کے دن تقریباً 700 مسافرین پھنس کر رہ گئے کیونکہ جرمن ایرلائنس لفتھانسا نے پائلٹس کی ہڑتال کی وجہ سے اپنی 2 پروازیں منسوخ کردیں۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔

ایرپورٹ پر افراتفری مچ گئی۔ پھنسے مسافرین کے رشتہ داروں اور ارکان خاندان نے جن کی تعداد 100 سے زائد تھی‘ ایرپورٹ کے باہر احتجاج کیا۔ انہوں نے ریفنڈ یا متبادل انتظام کا مطالبہ کیا۔

ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ آج دوپہر 12:15 بجے اطلاع ملی کہ ٹرمنل 3 آئی جی آئی ایرپورٹ ڈپارچر گیٹ نمبر 1 کے سامنے مین روڈ پر ہجوم اکٹھا ہوگیا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک جام ہوگئی۔ ڈپٹی کمشنر پولیس (ایرپورٹ) تنوشرما نے بتایا کہ احتجاجی‘ ٹرمنل بلڈنگ کے اندر موجود اپنے عزیزوں کے لئے ریفنڈ یا متبادل انتظامات کا مطالبہ کررہے تھے۔انہیں جب یہ بتایا گیا کہ فلائٹس کسی پیشگی اطلاع کے بغیر منسوخ ہوئی ہیں تو وہ پریشان ہوگئے۔

سی آئی ایس ایف اور ایرپورٹ عملہ نے انہیں سمجھایا۔ لفتھانسا کی 2 پروازیں جرمنی کے 2 شہروں کے لئے روانہ ہونی تھیں۔ ان میں ایک پرواز 2:50 بجے 300مسافرین کے ساتھ فرینکفرٹ اور دوسری 1:10 بجے 400مسافرین کے ساتھ میونخ روانہ ہونے والی تھی لیکن دونوں فلائٹس منسوخ ہوگئیں۔

تنخواہ بڑھانے کے مطالبہ پر پائلٹس کی ایک روزہ ہڑتال کی وجہ سے لفتھانسا ہیڈکوارٹرس نے پروازیں منسوخ کی۔ متاثرہ مسافرین کو بعدازاں ریفریشمنٹ دیا گیا اور ہوٹلوں میں ٹھہرانے کا انتظام کیا گیا۔

لفتھانسا کو فرینکفرٹ اور میونخ ہبس میں 800 پروازیں منسوخ کرنی پڑیں۔ ایرلائن نے کہا کہ ویک اینڈ پر 1 لاکھ 30 ہزار مسافرین اس سے متاثرہوں گے۔ وہ صورتِ حال کو معمول پر لانے کی پوری کوشش کررہی ہے۔

a3w
a3w