آندھراپردیش

فیس ری ایمبر سمنٹ اسکیم کے تحت 9لاکھ طلباء میں 680 کروڑ تقسیم

آندھراپردیش کے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے پیر کے روز ضلع چتور کے ناگاری مقام پر جگن انا ودیا دیونا فیس ری ایمبرسمنٹ اسکیم کے تحت 680 کروڑ روپئے تقسیم کئے۔

چتور: آندھراپردیش کے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے پیر کے روز ضلع چتور کے ناگاری مقام پر جگن انا ودیا دیونا فیس ری ایمبرسمنٹ اسکیم کے تحت 680 کروڑ روپئے تقسیم کئے۔

یہ رقم 9.3لاکھ طلباء کے 8.4لاکھ ماوؤں کے بینک اکاونٹس میں راست طور پر منتقل کردی گئی۔ ناگاری کے مقام پر منعقدہ پروگرام کے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر جگن نے کہاکہ آج منعقدہ یہ پروگرام‘ ہمارے بچوں کے کل کے مستقبل کو بہتر بنائے گا۔

اپنے بچوں کی اعلی تعلیم اور بہتر مستقبل کے لیے والدین کو غربت سے فکر مند نہیں ہوناچاہئے۔ انہوں نے کہاکہ بچوں کی تعلیم کی راہ میں غریبی رکاوٹ نہیں بنناچاہئے۔ چیف منسٹر نے یقین دہانی کرائی کہ اہل طلباء کی اعلی تعلیم کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ رواں سال اپریل تا جون کے فیس ری ایمبرسمنٹ کی رقم تقسیم کی گئی۔

چیف منسٹر کے مطابق گزشتہ 4برسوں کے دوران اس اسکیم کے تحت جملہ 11,317 کروڑ روپئے تقسیم کئے گئے جس سے کئی لاکھ طلباء کو فائدہ ہواہے۔ انہوں نے کہاکہ ہر غریب خاندان‘گذرے دن کے بہ نسبت اپنی زندگی کو بہتر بناناچاہئے اور آج کے بہ نسبت کل کے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے سعی کرنی چاہئے۔

چیف منسٹر آندھراپردیش وائی ایس جگن موہن نے نئی دہلی میں آج صدر درودپدی مرموکی جانب سے این ٹی آر کی یاد میں 100 روپئے کے سکہ کی اجرائی تقریب میں صدر ٹی ڈی پی این چندرابابو نائیڈو کی شرکت کو مضحکہ خیز قرار دیا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ نائیڈو نے اپنے خسر این ٹی آر کی پیٹھ میں خنجر گھونپتے ہوئے انہیں اقتدار سے بیدخل کرتے ہوئے خود مسند اقتدار پر فائز ہوگئے۔ اس کے باوجود یاد گاری سکہ کی اجرائی تقریب میں نائیڈو کی شرکت شرمناک ہے۔

چیف منسٹر اے پی جگن نے ٹی ڈی پی سربراہ و سابق چیف منسٹر این چندرابابونائیڈو کو سخت تنقید کانشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ نائیڈو کی پوری زندگی‘دغابازی‘سازشوں اور کذب بیانی سے عبارت ہے۔

دہلی میں پیر کے روز این ٹی آر کی صدی یوم پیدائش کے موقع پر یادگار سکہ کی اجرائی تقریب میں نائیڈو کی شرکت پر سخت رد عمل کااظہار کرتے ہوئے آندھراپردیش کے چیف منسٹر نے کہاکہ بڑے شرم کی بات ہے کہ بانی ٹی ڈی پی کی پیٹھ پر خنجر گھونپتے ہوئے اقتدار حاصل کرچکے نائیڈو‘ پارٹی کے بانی کی یوم پیدائش کے موقع پر یادگار سکہ کی اجرائی کی تقریب میں شرکت کرچکے ہیں۔ناگاری میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔

a3w
a3w