آندھراپردیش

چیف منسٹر جگن نے سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا

دوران اجلاس چیف منسٹر جگن نے گوداوری میں پانی کے بہاؤ کے بارے میں معلومات حاصل کی اور وہاں جاری ریلیف سرگرمیوں سے متعلق جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے حکام کو بدستور چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دی۔

امراوتی: ریاست آندھرا پردیش میں سیلاب کی صورتحال سنگین ہوتی جارہی ہے۔ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ہفتہ کے روز یہاں عہدیداروں سے گوداوری میں طغیانی، سیلاب اور ریلیف اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو چوکس رہنے اور انسانی جانوں کے نقصان کو روکنے کی ہدایت دی۔

 راجہ مہندراورم کے قریب دھولیشورم بیارج کے مقام پر آج گوداوری کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ بیارج کے 175 گیٹ کھولدئیے گئے۔ اس طرح23.94 لاکھ کیوزک پانی کو سمندر میں چھوڑا جارہا ہے۔ عہدیداروں نے اندازہ لگایا ہے کہ بیارج میں 25 لاکھ کیوزک پانی داخل ہوگا۔

دوران اجلاس چیف منسٹر جگن نے گوداوری میں پانی کے بہاؤ کے بارے میں معلومات حاصل کی اور وہاں جاری ریلیف سرگرمیوں سے متعلق جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے حکام کو بدستور چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دی۔ حکومت نے ایمرجنسی حالات سے نمٹنے کیلئے این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں کو تیار رکھا ہے۔

 اور بڑی تعداد میں ریلیف کیمپوں کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے معیاری خدمات کی فراہمی پر عہدیداروں کی ستائش کی۔ اطلاعات کے مطابق ضلع مشرقی گوداوری میں دھولیشورم کے قریب گوداوری، خطرہ کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے جبکہ 6 اضلاع کے250 گاؤں، ہنوز، پانی سے محصور ہیں، تلنگانہ کے اوپری علاقوں سے پانی کا بھاری بہاؤ، گوداوری میں آرہا ہے۔

 دھولیشورم کے سرآرتھر کاٹن بیارج سے 23.20 لاکھ کیوزک پانی خارج کیا جارہا ہے۔آندھرا پردیش اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کے مطابق بیارج میں پانی کی سطح20.60 فٹ تک پہنچ گئی ہے جبکہ15 فٹ ہی خطرہ کا نشا ن ہے۔ بیارج کے تمام175 دروازوں سے پانی خارج کیا جارہا ہے۔ حالیہ برسوں میں پہلی بار یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ ماہ جولائی میں بیارج سے اس قدر زائد پانی خارج کیا جارہا ہے۔

 عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بیارج میں پانی کی موجودہ سطح، اگست کے وسط میں عموماً درج کی جاتی ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے کنٹرول روم سے صورتحال پر قریبی نظر رکھی جارہی ہے۔ اگر پانی کا اخراج 25 لاکھ کیوزک سے زائد کیا جاتا ہے تو اس سے6 اضلاع کے 44 منڈلوں میں 628 مواضعات متاثر ہوں گے۔

حکام نے متعلقہ محکموں کو الرٹ کردیا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ضلع امبیڈکر کوناسیما کے 21، مشرقی گوداوری کے9، الوری سیتا راما راجو کے 5، مشرقی گوداوری کے4، ایلورو کے 3، اور کاکیناڈا ضلع کے 2 منڈل سیلاب سے متاثر ہوسکتے ہیں۔ سیلاب سے پہلے ہی ان 6 اضلاع کے279 گاؤں متاثر ہوئے ہیں۔

a3w
a3w