یوپی میں غیررجسٹرڈ مدرسوں کو مسلمہ حیثیت دینے کا عنقریب آغاز
صدرنشین بورڈ افختاراحمدجاوید نے کہا کہ 8500 غیرملحقہ مدرسوں کو مسلمہ حیثیت دینے کا عمل ریاستی حکومت کی اجازت سے شروع ہوگا۔ الحاق چاہنے والے ادارے مدرسہ بورڈ کو درخواست دے سکتے ہیں۔

لکھنو: ریاست میں خانگی مدرسوں کی سروے رپورٹ ملن کے بعد اترپردیش مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے سربراہ نے کہا ہے کہ غیررجسٹرڈ اسلامی مدرسوں کو مسلمہ حیثیت دینے کا عمل دوبارہ شروع ہوگا۔
صدرنشین بورڈ افختاراحمدجاوید نے پی ٹی آئی سے کہا کہ 8500 غیرملحقہ مدرسوں کو مسلمہ حیثیت دینے کا عمل ریاستی حکومت کی اجازت سے شروع ہوگا۔ الحاق چاہنے والے ادارے مدرسہ بورڈ کو درخواست دے سکتے ہیں۔
جاوید نے کہا کہ مسلمہ حیثیت لینے سے مدرسوں اور طلباء دونوں کا فائدہ ہوگا کیونکہ انہیں مدرسہ بورڈ کی ڈگری ملے گی جو عام طور پر تسلیم کی جاتی ہے۔
جنرل سکریٹری ٹیچرس اسوسی ایشن مدارس عربیہ اترپردیش دیوان صاحب زماں نے کہا کہ 2017 میں بی جے پی حکومت بننے کے بعد مدرسہ ایجوکیشن بورڈ تحلیل ہوگیاتھا۔ مسلمہ حیثیت دینے والی کمیٹی عرصہ سے بنی ہی نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ نئے مدرسوں کو مسلمہ حیثیت دینے کا عمل رک گیا۔
بورڈ اگر اس کی شعروعات کرناچاہتا ہے تو اس کا خیرمقدم ہوگا۔ مملکتی وزیر بہبوداقلیت دانش آزاد انصاری نے کہا کہ جاریہ ماہ کے آخر میں محکمہ کی میٹنگ ہوگی جس میں مدارس کے سروے کے بعد حکومت کیااقدامات کرے گی اس پر غورہوگا۔ حکومت اترپردیش نے 10 ستمبر تا15نومبرسروے کرایاتھا۔