چینائی کے ایک بینک میں ڈاکہ، 32 کیلو سونا لوٹ لیا گیا
چینائی کے ایک بینک سے آج شام کروڑہا روپے مالیاتی 32 کیلو سونا لوٹ لیا گیا۔ تین نقاب پوش افراد نے شہر کے اروم بکم علاقہ میں واقع فیڈبینک گولڈ لون کو لوٹنے سے پہلے تمام ملازمین کو ایک بیت الخلاء میں مقفل کردیا۔
چینائی: چینائی کے ایک بینک سے آج شام کروڑہا روپے مالیاتی 32 کیلو سونا لوٹ لیا گیا۔ تین نقاب پوش افراد نے شہر کے اروم بکم علاقہ میں واقع فیڈبینک گولڈ لون کو لوٹنے سے پہلے تمام ملازمین کو ایک بیت الخلاء میں مقفل کردیا۔
پولیس کمشنر شنکر جیوال نے ڈاکوؤں کا طریقہ کار بتاتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں نے ملازمین سے اسٹرانگ روم کی چابیاں حاصل کرلیں اور انہیں ٹوائلٹ میں بند کردیا اور کیری بیاگس میں سونا لے کر فرار ہوگئے۔ بینک کے مطابق 32 کیلو سونا لوٹ لیا گیا ہے۔
باور کیا جاتا ہے کہ کوئی اندرونی شخص بھی اس میں ملوث ہے۔ جوائنٹ کمشنر پولیس ٹی ایس امبو نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ شبہ ہے کہ بینک کا کوئی موجودہ ملازم بھی ان میں شامل ہے۔
اسی دوران ایک ویڈیو میں ایک سیکوریٹی گارڈ نے بتایا کہ ان لوگوں نے مجھے ایک سافٹ ڈرنک پینے کیلئے دیا تھا جسے پینے کے بعد میں بیہوش ہوگیا۔ پولیس عہدیدار نے بتایا کہ اب تمام لوگ ٹھیک ہیں۔ کوئی بھی ملازم بیہوش نہیں۔
کیونکہ ان میں ایک ملازم بھی شامل تھا اسی لئے گارڈ کو کوئی شبہ نہیں ہوا۔ بینک کی یہ شاخ آج بند تھی اور صرف چند لوگ اکاؤنٹس کے کام کیلئے آئے ہوئے تھے۔ پولیس نے ملزمین کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔