ایشیاء

کراچی میں پولیس سربراہ کے دفتر پر حملہ‘5ہلاک

صوبہ سندھ کے دارالحکومت میں کراچی پولیس چیف کے دفتر پر حملے کے بعد عمارت کو دہشت گردوں سے کلیئر کرا لیا گیا ہے جہاں اس حملے میں تین دہشت گرد مارے گئے۔

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت میں کراچی پولیس چیف کے دفتر پر حملے کے بعد عمارت کو دہشت گردوں سے کلیئر کرا لیا گیا ہے جہاں اس حملے میں تین دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان حکومت سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے اور عمارت پر حملہ کرنے والے تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ شاہراہ فیصل کو سیکیورٹی کی وجہ سے بند کیا گیا تھا تاکہ آپریشن کو بلا کسی تعطل جاری رکھا جا سکے اور لوگوں کو بھی تکلیف نہ ہو۔ترجمان سندھ رینجرز نے بتایا کہ آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور عمارت کی کلیئرنس کا عمل جاری ہے۔

گورنر سندھ کرام ٹیسوری نے بھی آپریشن کامیابی سے مکمل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ آپریشن منٹوں میں بھی ختم کرسکتے تھے لیکن ہماری حکمت عملی یہی تھی کہ چونکہ ملک میں پاکستان سپر لیگ جاری ہے تو اگر ہم ان دہشت گردوں کو زندہ گرفتار کر لیتے تو ان کو میڈیا کے سامنے پیش کر دیتے اور ان کے اسپانسرز اور سہولت کاروں کو عیاں کرتے کہ یہ وہ لوگ ہیں جو کراچی کے اندر اور پاکستان کے اندر بدامنی پھیلا کر دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے کہ جیسے پاکستان میں بہت زیادہ دہشت گردی ہے۔

اس سے قبل کراچی پولیس چیف ایڈیشنل آئی جی سندھ جاویدعالم اوڈھو نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حملے کی تصدیق کی تھی اور بتایا کہ میرے دفتر پر حملہ ہوا ہے اور فائرنگ ابھی جاری ہے۔وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پانچ منزلہ عمارت کی تین منزلیں کلیئر کرا لی گئی ہیں البتہ حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔انہوں نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ شام 7 بجکر 10 منٹ پر کیا گیا جس میں دو دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے فوج سے مدد طلب کی ہے، ہم وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون کررہے ہیں اور ہماری اولین ترجیح صورتحال کو کنٹرول میں لانا ہے۔ترجمان سندھ رینجرز نے بیان میں کہا کہ کراچی پولیس چیف کے دفتر پر حملے کی اطلاع پر رینجرز کوئیک رسپانس فورس (کیو آر ایف) نے جائے وقوع پر پہنچ کر علاقے کا گھیراؤ کر لیا۔

انہوں نے کہا کہ رینجرز نے پولیس کے ہمراہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے اور ابتدائی طور پر 8 سے 10 مسلح دہشت گردوں کی جانب سے حملہ اور ان کی وہاں موجود گی کی اطلاع پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اسی دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی) نے ترجمان محمد خراسانی کی جانب سے کیے گئے میسج میں کراچی میں پولیس چیف کے دفتر پر حملے کی ذمے داری قبول کر لی ہے۔