کرناٹک

کرناٹک میں مسلمانوں کو 4 فیصد کوٹہ منسوخی، امیت شاہ کی ستائش

مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے آج دیگر پسماندہ طبقات کے تحت2B زمرہ میں مسلمانوں کے 4 فیصد کوٹہ ختم کرنے حکومت کرناٹک کے فیصلہ کی ستائش کی اور کہاکہ مذہبی خطوط پر کوٹہ دستوری طور پر جائز نہیں۔

بیدر/ رائچور(کرناٹک): مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے آج دیگر پسماندہ طبقات کے تحت2B زمرہ میں مسلمانوں کے 4 فیصد کوٹہ ختم کرنے حکومت کرناٹک کے فیصلہ کی ستائش کی اور کہاکہ مذہبی خطوط پر کوٹہ دستوری طور پر جائز نہیں۔

ضلع بیدر کے دیہات گوراٹا اور ضلع رائچور کے مقام دبور میں عام جلسوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے مسلمانوں کیلئے ووٹ بینک سیاست کے تحت 4 فیصد ریزرویشن فراہم کرنے کیلئے کانگریس پرتنقید کی۔

مرکزی وزیر داخلہ نے کہاکہ چیف منسٹر بسواراج بومئی کی زیر قیادت بی جے پی حکومت نے نیا کوٹہ فراہم کرتے ہوئے درج فہرست اقوام کو انصاف دینے کی کوشش بھی کی ہے۔

زمرہ 2B صرف مسلمانوں کیلئے تھا اور بی جے پی حکومت نے اسے غیردستوری قراردیتے ہوئے ختم کیا اور اس کوٹہ کو ریاست کے طبقات اوکالیگا اور ویراشیوا لنگایت میں تقسیم کی ہے۔

دونوں طبقے ریاست میں سیاسی غلبہ حاصل کئے ہوئے ہیں۔ اس اقدام سے 2B زمرہ ختم ہوگیا اور اوکالیگا اور لنگایتوں کو بالترتیب 6 اور 7 فیصد کوٹہ حاصل ہوگا۔

حکومت کے فیصلہ کی سختی سے مدافعت کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہاکہ بی جے پی نے اقلیتوں کا 4 فیصد کوٹہ ختم کرکے 2 فیصد اوکالیگا اور 2 فیصد لنگایت فرقہ کو مختص کیا ہے۔