کھیل

کے ایل راہول، ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر

اسپورٹس ہرنیا کی سرجری کے بعد راہل این سی اے، بنگلور میں صحت یاب ہو رہے تھے اور یہ توقع کی جا رہی تھی کہ وہ ویسٹ انڈیز میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آ سکتے ہیں۔

بنگلورو: ہندوستانی بلے باز کے ایل راہل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ویسٹ انڈیز کا دورہ نہیں کر رہے ہیں۔ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق راہل کی قرنطینہ مدت بدھ کو ختم ہو رہی ہے لیکن انہیں بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم نے ایک ہفتہ آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ راہل پچھلے ہفتے ہی کورونا پازیٹیو ہوئے تھے۔

اسپورٹس ہرنیا کی سرجری کے بعد راہل این سی اے، بنگلور میں صحت یاب ہو رہے تھے اور یہ توقع کی جا رہی تھی کہ وہ ویسٹ انڈیز میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آ سکتے ہیں۔ لیکن اب یہ امکان ختم ہو گیا ہے۔ دو نگیٹیوی رپورٹس کے بعد بھی وہ اب ویسٹ انڈیز نہیں جائیں گے کیونکہ ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔

اب وہ زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کریں گے۔ ہندوستان زمبابوے کے خلاف 18، 20 اور 22 اگست کو ہرارے میں تین ون ڈے میچ کھیلے گا، جو ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہے۔ ہندوستان پہلے ہی میزبان کے طور پر 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔

زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز ختم ہونے کے فوراً بعد ہندوستان کو ایشیا کپ میں شرکت کرنی ہے جو 27 اگست سے 11 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔

راہل نے آئی پی ایل 2022 کے بعد سے کوئی کرکٹ نہیں کھیلی ہے۔ انہیں جنوبی افریقہ کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی کے لئے ہندوستانی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا لیکن چوٹ کی وجہ سے انہیں باہر ہونا پڑا تھا۔