ہندوستان کی اصل تصویر۔ 75 سالہ کسان اور بیوی کی ویڈیو نے دل دہلادیا (ویڈیو)
مہاراشٹر کے ضلع لاتور سے ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر لوگوں کے دل کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ یہ ویڈیو ایک 75 سالہ کسان اور اس کی بیوی کی جدوجہد کی جھلک پیش کرتا ہے، جو بیل یا ٹریکٹر نہ ہونے کے باعث خود کو ہل میں جوت کر کھیت میں کام کررہے ہیں۔

لاتور : مہاراشٹر کے ضلع لاتور سے ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر لوگوں کے دل کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ یہ ویڈیو ایک 75 سالہ کسان اور اس کی بیوی کی جدوجہد کی جھلک پیش کرتا ہے، جو بیل یا ٹریکٹر نہ ہونے کے باعث خود کو ہل میں جوت کر کھیت میں کام کررہے ہیں۔
یہ افسوسناک واقعہ لاتور کے ایک گاؤں کا ہے جہاں بزرگ کسان امبادیس پاوار اور ان کی اہلیہ مکتابائی گذشتہ دو سال سے اپنی زمین کی بوائی خود اپنے ہاتھوں سے کر رہے ہیں۔ معاشی تنگدستی نے انہیں اس حد تک مجبور کر دیا ہے کہ وہ خود ہی بیل بن کر کھیت میں ہل چلانے پر مجبور ہو گئے۔
ویڈیو میں دل کو چھو لینے والا منظر
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تقریباً 24 سیکنڈ کی اس ویڈیو میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ امبادیس پاوار اپنے کندھے پر ہل کا پٹّہ ڈالے آگے چل رہے ہیں جبکہ ان کی اہلیہ پیچھے سے ہل چلا رہی ہیں۔ یہ منظر نہ صرف دکھ بھرا ہے بلکہ ایک ترقی یافتہ ہندوستان کے دعووں پر بھی بڑا سوالیہ نشان لگا دیتا ہے۔
महाराष्ट्र-
— I.P. Singh (@IPSinghSp) July 1, 2025
गरीबी अधम होती है दो रोटी का इंतेजाम हर हाल में सबको करना है।
कृषि मंत्री शिवराज जी अपने को किसान परिवार से बताते हैं।
मोदी जी किसानी का लाभ मन की बात में करते हैं।
लातूर ज़िले के हाडोलती गांव से एक दिल को झकझोर देने वाली तस्वीर सामने आई है।
आर्थिक तंगी से जूझ रहे… pic.twitter.com/kBK9JPuIea
عوام کی شدید ردعمل
یہ ویڈیو جیسے ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر ہوئی، لاکھوں لوگوں نے اس پر جذباتی اور غصہ سے بھرپور ردعمل دیا۔ ایک صارف نے لکھا:
"اگر جدید ترقی کا فائدہ ہمارے کسانوں تک نہیں پہنچا تو ترقی کس کی ہو رہی ہے؟”
کئی افراد نے اس منظر کو ہندوستان کی اصل تصویر قرار دیا اور کہا کہ جب تک دیہی ہندوستان ایسے حالات سے دوچار ہے، "وشوگرو” بننے کے دعوے کھوکھلے ہی رہیں گے۔
کئی صارفین نے اس بزرگ کسان جوڑے کے لیے فوری سرکاری امداد کا مطالبہ کیا ہے۔ کچھ نے ان کے لیے بیل یا ٹریکٹر فراہم کرنے کی درخواست بھی کی ہے تاکہ وہ اپنی زندگی آسانی سے گزار سکیں اور عزت کے ساتھ اپنا پیٹ پال سکیں۔
یہ ویڈیو محض چند سیکنڈ کا ہے، مگر یہ اُن کروڑوں کسانوں کی کہانی سنا جاتا ہے جو اب بھی بنیادی سہولیات، مشینری اور حکومتی مدد سے محروم ہیں۔ کسان جو ملک کا اناج پیدا کرتا ہے، جب وہ خود اس حال میں ہو، تو یہ نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ ہمارے معاشرتی ڈھانچے اور پالیسیوں پر بھی ایک گہری تنقید ہے۔