شمالی بھارت

یورانیم اسمگلنگ کی کوشش‘ 11 افغان شہری گرفتار

ہند۔ نیپال سرحد پر گزشتہ ہفتہ 11 افغان اور 2 نیپالی شہریوں کی گرفتاری کے بعد سیکوریٹی سخت کردی گئی ہے۔ یہ لوگ 2 کیلو گرام یورانیم اسمگل کرنے کی کوشش کررہے تھے۔

پٹنہ: ہند۔ نیپال سرحد پر گزشتہ ہفتہ 11 افغان اور 2 نیپالی شہریوں کی گرفتاری کے بعد سیکوریٹی سخت کردی گئی ہے۔ یہ لوگ 2 کیلو گرام یورانیم اسمگل کرنے کی کوشش کررہے تھے۔

نیپالی حکام نے ملزمین کو 23 جولائی کو ویراٹ نگر سے گرفتار کیا۔گرفتار 6 افغان شہریوں کے پاس جعلی آدھار کارڈ پائے گئے۔ دوران ِ تفتیش ملزمین نے مانا کہ وہ بہار کے ذریعہ ہندوستان میں یورانیم کی کھیپ اسمگل کرنے کی کوشش کررہے تھے۔

اس کے فوری بعد نیپال کی وزارت ِ داخلہ نے بیان جاری کیا کہ دیگر ممالک کے شہری‘ انتہائی حساس یورانیم اسمگل کرنے بہار اور نیپال کی کھلی سرحد کا فائدہ اٹھارہے ہیں۔ یہ دونوں ممالک کے لئے خطرہ ہے۔ ذرائع کے بموجب ملزمین بہار کے ضلع ارڑیہ میں جوگبانی سرحد سے داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔

افغان شہریوں کی گرفتاری حساس معاملہ ہے کیونکہ یہ پٹنہ میں مشتبہ پھلواری شریف دہشت گرد ماڈیول بے نقاب ہونے کے چند دن بعد ہوئی۔ ہندوستانی سیکوریٹی ایجنسیوں کو شبہ ہے کہ ارڑیہ‘ پورنیہ‘ کشن گنج اور کٹیہار جیسے سیماچل اضلاع میں سلیپر سلس کی بڑی تعداد سرگرم ہے۔

بی جے پی کے ریاستی صدر سنجے جیسوال نے بھی دعویٰ کیا کہ بہار میں سلیپر سلس کی بڑی تعداد سرگرم ہے۔ ضلع ارڑیہ کے جوگبانی بارڈر پر سشستر سیمابل(ایس ایس بی) کے ایک عہدیدار نے کہا کہ نیپال میں اس گرفتاری کے بعد ہم نے بہار اور نیپال کو جوڑنے والی ہر بارڈر چیک پوسٹ پر چیکنگ بڑھادی ہے۔

دونوں ممالک کے شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ان دو ممالک میں سفر کے دوران ویالڈ آئی ڈی پروف دکھائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمین کا پہلا ٹارگٹ جوگبنی ٹاؤن سے بہار میں داخل ہوکر مسلم اکثریتی علاقہ میں پناہ لینا تھا۔

عہدیداروں کا دعویٰ ہے کہ یہ ہندوستان کے خلاف بڑی سازش ہے۔ یورانیم‘ انتہائی حساس تابکاری مادہ ہوتا ہے جو ایٹمک ری ایکٹرس اور افزودگی کے بعد ایٹم بم (جوہری بم) بنانے میں استعمال ہوتا ہے۔