ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے حل کا اشارہ
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے مسئلہ کشمیر کے حل کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان اور ہندوستان کا مسئلہ حل کرلیں گے، ٹرمپ چاہتے ہیں کہ ہند۔پاک اختلافات، نسل در نسل جنگ کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے۔

واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے مسئلہ کشمیر کے حل کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان اور ہندوستان کا مسئلہ حل کرلیں گے، ٹرمپ چاہتے ہیں کہ ہند۔پاک اختلافات، نسل در نسل جنگ کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے۔
ڈان میں شائع خبر کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ہند۔پاک کشیدگی کے بعد موجودہ صورتحال سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ بلاول بھٹو کی سربراہی میں پاکستانی سفارتی وفد نے اپنے دورے میں انڈر سکریٹری ایلیس ہوکر سے ملاقات کی، پاکستانی وفد سے ملاقات میں جنگ بندی کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی وفد سے دہشت گردی کے خلاف تعاون، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو ہوئی، صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان اور ہندوستان کا مسئلہ حل کرلیں گے، ٹرمپ ہند۔پاک اختلافات، نسل در نسل جنگ کو حل کرنا چاہتے ہیں۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ شکر ہے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جنگ بندی ہوچکی، یہ کتنا مشکل کام تھا سب جانتے ہیں، لیکن صدر ٹرمپ، سیکریٹری مارکو روبیو اور نائب صدر جے ڈی وینس نے یہ کر دکھایا، ہمیں ان سب کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں صدر کے ذہن یا اُن کے منصوبوں کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتی، جو بات میں جانتی ہوں وہ یہ ہے کہ ہم سب اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ صدر ٹرمپ جو بھی قدم اٹھاتے ہیں وہ طویل المدتی تنازعات کو حل کرنے کے لیے ہوتے ہیں، اس لیے یہ حیران کن نہیں ہونا چاہیے کہ وہ ایسی کسی چیز کو سنبھالنا چاہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نہ صرف ایسے نظر آتے ہیں بلکہ حقیقتاً وہ واحد شخصیت رہے ہیں جو اُن لوگوں کو ایک میز پر بٹھانے میں کامیاب ہوئے، جن کے بارے میں کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ وہ بات چیت کریں گے۔
ٹیمی بروس کا کہنا تھا کہ اگرچہ میں اُن کے منصوبوں کی تفصیلات نہیں بتا سکتی، لیکن دنیا اُن کی فطرت سے واقف ہے، اگر آپ مزید جاننا چاہتے ہیں تو وائٹ ہاؤس سے رابطہ کریں، میرا خیال ہے کہ وہ اس بارے میں کافی کچھ کہنے کے قابل ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تنازعات کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے، پاکستان کئی بار واضح کرچکا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیے بغیر خطے میں دیرپا امن ممکن نہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے گو کہ مسئلہ کشمیر کا نام نہیں لیا، تاہم ان کا اشارہ ممکنہ طور پر مستقل بنیادوں پر نسل در نسل جنگ کے حوالے سے مسئلہ کشمیر کی طرف تھا۔