حیدرآباد

آئی ٹی شہر حیدرآباد۔ بنگلورو وندے بھارت ٹرین سے مربوط

حیدرآباد۔ بنگلورو اور وجئے واڑہ۔ چینائی کے درمیان تیز رفتار ٹرین خدمات کے آغاز کے ساتھ تلنگانہ اور آندھرا پردیش نے وندے بھارت کی تیسری ٹرین حاصل کرلی ہے۔

حیدرآباد: حیدرآباد۔ بنگلورو اور وجئے واڑہ۔ چینائی کے درمیان تیز رفتار ٹرین خدمات کے آغاز کے ساتھ تلنگانہ اور آندھرا پردیش نے وندے بھارت کی تیسری ٹرین حاصل کرلی ہے۔

ان دو ٹرینوں کو جو اُن 9 وندے بھارت ٹرینوں میں شامل ہیں وزیر اعظم نریندر مودی نے دہلی سے اتوار کے روز ورچول طریقہ سے جھنڈی دکھائی اور ان ٹرینوں کو ملک کی مختلف ریاستوں میں لانچ کیا گیا۔

شہر کے کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشن میں اس سلسلہ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں مرکزی وزیر سیاحت کشن ریڈی اور ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے سینئر عہدیدار شریک تھے۔ آئی ٹی کے دونوں شہر حیدرآباد اور بنگلورو اب وندے بھارت ٹرین سے مربوط ہوگئے۔ سکندرآباد سے وشاکھا پٹنم اور سکندرآباد سے تروپتی کے بعد تلنگانہ کو تیسری وندے بھارت ٹرین مل چکی ہے جس کو آج وزیر اعظم نے جھنڈی دکھا کر بنگلورو روانہ کیا۔

حیدرآباد۔ بنگلورو کی وندے بھارت پہلی ٹرین ہے جو دونوں ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کو کرناٹک سے جوڑتی ہے۔ یہ ٹرین12اضلاع اور 4بڑے شہروں سے گزرے گی۔ یہ ٹرین، حیدرآباد کا چی گوڑہ اسٹیشن سے روانہ ہوگی اور بنگلورو کے یشونت پور ا سٹیشن پہونچے گی۔

دونوں آئی ٹی ہب کے حامل شہروں کے درمیان610 کیلو میٹر کا فاصلہ، یہ ٹرین8گھنٹے 30 منٹ میں طئے کرے گی جو اس سیکشن پر تیز رفتار ٹرین کے وقت سے 3گھنٹے کم ہے۔ چہارشنبہ کے سوا، یہ ٹرین ہفتہ کے 6 دن چلائی جائے گی۔پی ٹی آئی کے مطابق وزیر اعظم نریندرمودی کی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کے تحت ملک میں انڈین ریلویز کی ترقی کے ایک نئے باب کا آغاز ہوا ہے۔

مرکزی وزیر سیاحت کشن ریڈی نے اتوار کے روز یہ بات کہی۔ وزیر اعظم مودی کی جانب سے ملک بھر میں 9 وندے بھارت ٹرینوں کو جن میں کاچی گوڑہ۔ بنگلورو ٹرین بھی شامل ہے، ورچول جھنڈی دکھانے کے موقع پر شہر کے کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشن میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ ریلوے اسٹیشنوں کو عصری بنانے کا کام بڑے پیمانے پر جاری ہیں۔

ریڈی نے کہا کہ ایک دن میں 9 وندے بھارت ٹرینوں کو جھنڈی دکھانا ایک ریکارڈ ہے۔ اتوار کے روز جن9ٹرینوں کو جھنڈی دکھائی گئی ہے، یہ 111 شہروں کو مربوط کریں گی ان میں مذہبی مراکز، سیاحتی مقامات اور کمرشیل ہبس بھی شامل ہیں۔

حیدرآباد۔ بنگلورو وندے بھارت ٹرین کو متعارف کرانے کے بعد تلنگانہ کو منظورہ وندے بھارت ٹرینوں کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔ قبل ازیں سکندرآباد۔ وشاکھا پٹنم اور سکندرآباد تروپتی ٹرینیں متعارف کرائی جاچکی ہیں۔ ریڈی نے کہا کہ مودی حکومت تلنگانہ میں ریلوے کے کئی ترقیاتی پروجیکٹس کو شروع کیا ہے۔

مرکز میں جب سے مودی حکومت قائم ہوئی ہے تب سے تلنگانہ میں ہر سال55 کیلو میٹر طویل نئی ریلوے لائن بچھائی جارہی ہے۔