آکسیجن سپورٹ کے مریض ایمبولنس میں پولنگ بوتھ پہنچے
بستر سے لگے لوگ‘ آکسیجن سپورٹ کے مریض‘ عمررسیدہ شہری اور خواجہ سرا اُن لوگوں میں شامل ہیں جو پیر کے دن گجرات اسمبلی الیکشن مرحلہ دوم میں ووٹ ڈالنے کے لئے گھروں سے باہر نکلے۔
احمدآباد: گجرات میں آج شام 5 بجے تک 58.50فیصد رائے دہی ہوئی۔ پولنگ چند ناخوشگوار واقعات کو چھوڑکر پرامن رہی۔ الیکشن کمیشن نے یہ بات بتائی۔
کئی مقامات سے ای وی ایم اور وی وی پیاٹ مشینوں میں خرابی کی شکایتیں ملیں اور بعض بوتھس میں پولنگ میں خلل پڑا۔ 14 اضلاع کے 93 حلقوں میں شام 5 بجے تک رائے دہی کا عبوری تناسب 58.80 فیصد رہا۔ اس میں اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ آخری خبر آنے تک کئی بوتھس کے باہر رائے دہندوں کی قطار لگی تھی۔
2017 کے اسمبلی الیکشن میں 93 حلقوں میں 69.99 فیصد پولنگ ہوئی تھی۔ یکم دسمبر کو مرحلہ اول میں 89 حلقوں میں ووٹ ڈالے گئے تھے۔ اُس وقت رائے دہی کا تناسب 63.31 فیصد رہا۔
بستر سے لگے لوگ‘ آکسیجن سپورٹ کے مریض‘ عمررسیدہ شہری اور خواجہ سرا اُن لوگوں میں شامل ہیں جو پیر کے دن گجرات اسمبلی الیکشن مرحلہ دوم میں ووٹ ڈالنے کے لئے گھروں سے باہر نکلے۔ اس طرح انہوں نے دوسروں کی مثال قائم کی۔
جسمانی معذور انکت سونی نے جو بازوؤں کے بغیر پیدا ہوا تھا‘ ضلع کھیڑا کے نڈیاڈ ٹاؤن کے پولنگ بوتھ میں پیر کی انگلیوں سے فارم پر دستخط اور الکٹرانک ووٹنگ مشین کا بٹن دباکر لوگوں کو حیرت زدہ کردیا۔
کرکٹر بھائیوں عرفان پٹھان اور یوسف پٹھان نے وڈودرہ میں ووٹ ڈالا۔ مغربی ریاست کی 182 نشستوں کے منجملہ 93 کے لئے آج ووٹ ڈالے گئے۔
100 سال سے اوپر کی عمر کے کئی شہریوں نے ریاست کے مختلف حصوں میں ووٹنگ کی۔ چیف الیکٹورل آفیسر گجرات پی بھارتی نے ضلع مہسانہ کے وِج پور میں ووٹ ڈالنے والی 110 سالہ شانتی بین ٹھاکر کی ستائش کی۔ پالن پور میں ایک 102 سالہ اور گودھرا میں ایک 108 سالہ عورت نے بھی ووٹ ڈالا۔
احمدآباد سٹی کے نارن پورہ علاقہ میں ایک 60 سالہ شخص جس کی بائی پاس سرجری ہوئی ہے‘ آکسیجن سپورٹ پر پولنگ بوتھ پہنچا۔ گومتی پور علاقہ میں فائبروسس کی 56 سالہ مریضہ جو گزشتہ 4 سال سے آکسیجن سپورٹ پر ہے‘ ووٹ ڈالنے آئی۔ آنند میں بستر سے لگی ایک عمررسیدہ عورت ایمبولنس میں پولنگ بوتھ پہنچی۔جین فرقہ کے رہنما رمیش شاہ جن کی 48 گھنٹے قبل برین ہیمریج سرجری ہوئی‘ ووٹ ڈالنے ایمبولنس میں آنند کے پولنگ بوتھ پہنچے۔
ضلع آنند کے پٹلاد ٹاؤن میں تقریباً 100 خواجہ سراؤں نے ووٹ ڈالنے سے قبل پدیاترا کی۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ‘ ان کی بیوی سونالی بین شاہ اور بیٹا جئے شاہ ووٹ ڈالنے نارن پورہ پہنچے۔ پہلے وہ اسی علاقہ میں رہتے تھے۔
آئی اے این ایس کے بموجب بارڈر سیکوریٹی فورس(بی ایس ایف) کے ایک جوان چھوٹو سنہہ واگھیلا نے جس کی شادی آج طئے تھی‘ منڈپ جانے سے قبل ووٹ ڈالا۔ اس نے بتایا کہ وہ مغربی بنگال میں تعینات ہے اور شادی کے لئے رخصت لے کر گھر آیا ہوا ہے۔
بارات نکلنے سے قبل اس نے اور اس کے ارکان خاندان نے پولنگ بوتھ جاکر ووٹ ڈالنے کا فیصلہ کیا۔ اس نے کہا کہ جس طرح میں ملک کی سرحدوں کی حفاظت کررہا ہوں اسی طرح میرا فرض بنتا ہے کہ میں جمہوریت کا بھی تحفظ کروں۔ اسی لئے میں نے شادی کے منڈپ میں جانے سے قبل ووٹ ڈالنے کو ترجیح دی۔