بھارت

آگرہ میں حضرت سلیم چشتیؒ کی درگاہ میں ترنگی چادر چڑھائی گئی

چادر چڑھانے والے منتظمین نے دعویٰ کیا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ قومی پرچم کے رنگ کی چادر چڑھائی گئی۔ بیرونی اور ہندوستانی سیاحوں کے لئے یہ مرکز ِ توجہ بنی۔

آگرہ: ملک کی آزادی کی گولڈن جوبلی کے موقع پر فتح پور سیکری میں درگاہ حضرت شیخ سلیم چشتیؒ میں ترنگی چادر چڑھائی گئی۔ چادر چڑھانے والے منتظمین نے دعویٰ کیا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ قومی پرچم کے رنگ کی چادر چڑھائی گئی۔ بیرونی اور ہندوستانی سیاحوں کے لئے یہ مرکز ِ توجہ بنی۔

اس موقع پر ملک میں امن‘ بھائی چارہ اور خوشحالی کی دعا مانگی گئی۔ عہدوسطیٰ کے صوفی بزرگ حضرت شیخ سلیم چشتی سے مغل شہنشاہ اکبراعظم کو بڑا لگاؤ تھا۔ حضرت کا مزار آگرہ سٹی سے 40کیلو میٹر دور فتح پور سیکری کے اندر واقع ہے۔

 پی ٹی آئی س بات چیت میں سکریٹری حضرت سلیم چشتی فاؤنڈیشن پیرزادہ ارشد فریدی نے بتایا کہ پہلی مرتبہ ترنگی چادر چڑھائی گئی۔ درگاہ کے سجادہ نشین پیرزادہ ایازالدین رئیس میاں چشتی نے ترنگا یاترا کو جھنڈی دکھائی جو درگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔

محکمہ آثارِ قدیمہ نے 5  اگست تا 15  اگست فتح پور سیکری میں بیربل کے محل پر روشنی کی تھی۔ فتح پور سیکری میں 50 فیٹ اونچا قومی پرچم لہرایا گیا۔ محکمہ آثارِ قدیمہ کی تمام عمارتوں میں 10 دن تک داخلہ مفت تھا۔