حیدرآباد

مرکزی ٹیم نے سیلاب زدہ اضلاع کا دورہ کیا

ٹیم کے ارکان نے بھدرا چلم ٹاون اور اس سے متصل چند مواضعات کا دورہ کیا یہ مقامات سیلاب سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ ٹیم کے ارکان نے مکانات، سڑکوں،فصلوں اور دیگر انفراسٹرکچر کو پہنچے نقصانات کا جائزہ لیا اور انہوں نے متاثرہ افراد سے بات چیت بھی کی۔

حیدرآباد: مرکزی حکومت کی ایک خصوصی ٹیم نے جمعہ کے روز سیلاب سے متاثرہ اضلاع بھدرا دری کتہ گوڑم اور نرمل کا دورہ کیا جس کا مقصد حالیہ شدید بارش اور سیلاب سے نقصانات کا تخمینہ لگانا تھا۔ بین وزارتی6 رکنی ٹیم کی قیادت سورورائے کررہے ہیں جو مرکزی وزارت داخلہ کے جائنٹ سکریٹری ہیں۔

ٹیم کے ارکان نے بھدرا چلم ٹاون اور اس سے متصل چند مواضعات کا دورہ کیا یہ مقامات سیلاب سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ ٹیم کے ارکان نے مکانات، سڑکوں،فصلوں اور دیگر انفراسٹرکچر کو پہنچے نقصانات کا جائزہ لیا اور انہوں نے متاثرہ افراد سے بات چیت بھی کی۔

ٹیم کے ارکان نے بارش اور سیلاب سے ہونے والی تباہی پر مبنی تصویری نمائش کا بھی مشاہدہ کیا جس کا اہتمام ضلع انتظامیہ نے آئی ٹی ڈی اے آفس میں کیا تھا۔ ضلع کلکٹر بھدرا دری کتہ گوڑم ڈی انودیپ نے ٹیم کو آفات سماوی سے ہونے والی تباہی کا مختصر احوال بتایا اور بتایا کہ مختلف محکموں کو 162 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔

قبل ازیں مرکزی ٹیم نے سیلاب سے متاثر ایک اور ضلع نرمل کا دورہ کیا اور ٹیم کے ارکان کڈم ڈیم کا بھی مشاہدہ کیا۔ مہاراشٹرا کے بشمول اوپری علاقوں میں دو ہفتہ قبل شدید بارش کی وجہ سے اس پراجکٹ میں ریکارڈ پانی داخل ہوا تھا۔ ضلع کلکٹر نرمل مشرف علی فاروقی نے ٹیم کو سیلاب کے نقصانات کے بارے میں مختصراً واقف کرایا۔

ٹیم نے بارش اور سیلاب کے نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے منچریال اور عادل آباد اضلاع کا بھی دورہ کیا۔ جہاں ان دونوں اضلاع میں سکریٹری ڈیزاسٹر مینجمنٹ راہول بوجہ نے ٹیم کو صورتحال سے آگاہ کیا۔ دورہ سے واپسی کے بعد ٹیم ک ے ارکان نے چیف سکریٹری سے ملاقات کی۔