قومی

اصلاحِ معاشرہ کمیٹی کا 7 ستمبر کو مشاورتی اجلاس

آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کی اصلاح معاشرہ کمیٹی کی جانب سے ایک کل ہند مشاورتی اجلاس (بذریعہ زوم آن لائن) 7ستمبرکو صبح 10 بجے منعقد کیاجا رہا ہے۔ جس کی صدارت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی (صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ) کریں گے۔

جھلکیاں
  • نکاح کوشریعت وسنت کے مطابق انجام دینے کے لیے ایک منظم مہم ”آسان اورمسنون نکاح“۔
  • اس اجلاس میں مختلف مسالک،جماعتوں اورتنظیموں کے سربراہ اور نمائندہ حضرات اظہار خیال کریں گے۔
  • بورڈ کے ممتازارکان او ر ملک کے نامی گرامی علمائے کرام اس اجلاس میں بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔

نئی دہلی: آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کے قیام کاایک مقصد اصلاح معاشرہ بھی ہے جس کے لیے بورڈ کی اصلاح معاشرہ کمیٹی قائم ہے۔ اس کمیٹی کے ذریعے سابق اصلاحی خدمات اور سرگرمیاں انجام دی جاتی رہی ہیں اور اب بھی ان کا سلسلہ جاری ہے۔

اسی سال مارچ میں اصلاح معاشرہ کمیٹی آل انڈیا مسلم پر سنل لا بورڈ کی جانب سے نکاح سے متعلق نظام میں شامل ہو چکی۔ جس کا مقصد بیجا رسوم و رواج کو ختم کرنا ہی۔

نکاح کوشریعت وسنت کے مطابق انجام دینے کے لیے ایک منظم مہم ”آسان اورمسنون نکاح“ کے عنوان سے شروع کی گئی تھی جس کے مثبت اثرات معاشرہ پر مرتب ہوئے اور حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے اور درجنوں نکاح سادگی اورآسانی کے ساتھ انجام پائے۔

یہ مہم مولانا محمد ولی رحمانی (سابق جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ) کی رحلت کی وجہ سے کچھ وقفے کے لیے کمزور ہوگئی تھی، اب اس مہم کا احیاء کیا جارہاہے۔

اسی سلسلے میں آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کی اصلاح معاشرہ کمیٹی کی جانب سے ایک کل ہند مشاورتی اجلاس (بذریعہ زوم آن لائن) 7ستمبرکو صبح 10 بجے منعقد کیاجا رہا ہے۔ جس کی صدارت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی (صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ) کریں گے۔

اس اجلاس میں مختلف مسالک،جماعتوں اورتنظیموں کے سربراہ اور نمائندہ حضرات اظہار خیال کریں گے۔ جن میں مولانا فخرالدین اشرف (سجادہ نشیں کچھوچھہ شریف و نائب صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ) مولانا خالد سیف اللہ رحمانی (کارگذار جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پر سنل لابورڈ) مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی (کل ہند امیر جمعیۃ اہلحدیث) مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی (رکن مجلس عاملہ بورڈ) مولانا صغیر احمد رشادی (امیرشریعت کرناٹک) مولاناعبیداللہ خان اعظمی (سابق ممبر آف پارلیمنٹ) مولانا عبداللہ مغیثی (صدر آل انڈیا ملی کونسل) مولاناسید اطہر علی اشرفی (رکن مجلس عاملہ بورڈ) سید سعادت اللہ حسینی (امیر جماعت اسلامی) مولانااصغر علی حیدری (ممتاز شیعہ عالم دین)مولاناسید مصطفی رفاعی جیلانی (رکن بورڈ) ڈاکٹر عبدالقدیر (صدر شاہین ادارہ جات)شامل ہیں۔

بورڈ کے ممتازارکان او ر ملک کے نامی گرامی علمائے کرام اس اجلاس میں بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔

اجلاس کے ذریعہ یہ کوشش کی جائے گی کہ شادی بیاہ میں انجام دی جانے والی رسوم و رواج کو ختم کرنے اور جہیز کے جبری لین دین جیسی بری رسم کو مٹانے نیز نکاح کوسادہ اورآسان بنانے کے لیے جو بنیادی لائحہ عمل تیار کیاگیاتھا اس لائحہ عمل کو مزید مضبوطی کے ساتھ نافذ کرنے کا نظام بنایا جائے۔

مشاورتی اجلاس کے مدعوئین خصوصی بذریعہ زوم اجلاس میں شرکت کریں گے اور عام لوگوں کے استفادہ کے لیے بورڈکی افیشیل یوٹیوب چینل پریہ اجلاس لائیو نشر کیاجائے گا۔

برادران اسلام سے اس اہم اجلاس سے استفاد ہ کی گذارش مولانامحمد عمرین محفوظ رحمانی (سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ) نے کی ہے۔

(منصف نیوز بیور)