ایشیاء

انڈونیشیا کے جزیرہ جاوا میں طاقتور زلزلہ‘ 56 افراد ہلاک (تفصیلی خبر)

انڈونیشیا کے گنجان آباد جزیرہ جاوا میں پیر کے دن طاقتور زلزلہ میں عمارتیں ڈھیر ہوگئیں‘ کم ازکم 56 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوگئے۔

سینجور (انڈونیشیا): انڈونیشیا کے گنجان آباد جزیرہ جاوا میں پیر کے دن طاقتور زلزلہ میں عمارتیں ڈھیر ہوگئیں‘ کم ازکم 56 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوگئے۔

لوگ دوڑکر سڑکوں پر نکل آئے۔ ایمرجنسی ورکرس نے دواخانوں کے باہر‘ ٹیریس پر اور پارکنگ لاٹس میں اسٹریچرس اور بلانکٹس میں زخمیوں کا علاج کیا۔ زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ بعض کو آکسیجن ماسک دیا گیا۔ حسن نامی تعمیراتی مزدور نے کہا کہ میں بے ہوش ہوگیا تھا۔

زلزلہ بہت طاقتور تھا۔ میں نے اپنے دوستوں کو ایک عمارت سے بچ کر باہر بھاگتے دیکھا ہے لیکن مجھے باہر نکلنے میں دیر ہوئی اور مجھ پر دیوار آگری۔ شہریوں میں بعض نے بچوں کو اپنے بازوؤں میں اٹھا رکھا تھا۔ مغربی صوبہ جاوا میں زلزلہ دوپہر میں آیا جس کا مبدا 10کیلو میٹر گہرائی میں تھا۔

گریٹر جکارتہ علاقہ میں بھی افراتفری مچی۔ فلک بوس عمارتیں ہل کر رہ گئیں۔ بعض عمارتوں سے لوگوں کا تخلیہ کرادیا گیا۔ بچاؤ ٹیمیں ملبہ میں دبے لوگوں کو تلاش کررہی ہیں۔ دکاندار دیوی ریشما نے جو زلزلہ کے وقت گاہکوں کو سامان دکھانے میں مصروف تھی‘ کہا کہ مجھے باہر دوڑنا پڑا۔ سڑکوں پر گاڑیاں رک گئی تھیں کیونکہ زلزلہ کی شدت بہت زیادہ تھی۔

میں نے 3 مرتبہ زلزلہ محسوس کیا۔ پہلا زلزلہ کافی شدید تھا جو تقریباً 10 سکنڈ کا تھا۔ میرے اسٹور سے متصل دکان کی چھت گرپڑی۔ ریسکیو ایجنسی کا کہنا ہے کہ 12 عمارتوں کو نقصان پہنچا جن میں ایک اسلامی رہائشی مدرسہ‘ دواخانہ شامل ہیں۔

بیشتر زخمیوں کو سینجور ہاسپٹل لے جایا گیا۔ انڈونیشیا کے محکمہ موسمیات نے کم ازکم 25 مابعد زلزلہ جھٹکے ریکارڈ کئے۔ انڈونیشیا میں زلزلے آتے رہتے ہیں لیکن جکارتہ میں زلزلہ محسوس کیا جانا غیرمعمولی بات ہے۔ 27 کروڑ کی آبادی والا ملک انڈونیشیا آئے دن زلزلے‘ آتش فشاں کا پھٹنا اور سونامی جھیلتا رہتا ہے۔ فروری میں 6.2 شدت کے زلزلہ میں کم ازکم 25 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

یہ زلزلہ صوبہ سماٹرہ میں آیا تھا۔ جنوری 2021 میں صوبہ مغربی سلویسی میں 6.2 شدت کے زلزلہ میں 100 سے زائد جانیں گئی تھیں اور 6500 افراد زخمی ہوئے تھے۔ 2004 میں بحرہند میں طاقتور زلزلہ اور سونامی نے 12 ملکو ں میں تقریباً 2لاکھ 30 ہزار جانیں لی تھیں۔مرنے والوں کی بڑی تعداد کا تعلق انڈونیشیا سے تھا۔ امریکی جیولوجیکل سروے نے انڈونیشیا میں آج کے زلزلہ کی شدت 5.6 بتائی ہے۔

یو این آئی کے بموجب انڈونیشیا کے جزیرہ جاوا میں 5.6 شدت کا جو زلزلہ آیا اس کے جھٹکے 100 کیلو میٹر دارالحکومت جکارتہ میں محسوس کئے گئے جہاں کئی اونچی عمارتوں کو خالی کرادیا گیا۔ عہدیداروں نے خبردار کیا ہے کہ مابعد زلزلہ جھٹکے آسکتے ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔کومپاس ٹی وی نے زخمیوں کی تعداد 700بتائی ہے۔ سوشل میڈیا ویڈیوز میں تباہ مکانات اور دکانیں دیکھی جاسکتی ہیں۔

a3w
a3w