دہلی

اڈانی گروپ نے حصہ داری خریدنے سے قبل ایس ای بی آئی کی منظوری نہیں لی: این ڈی ٹی وی

میڈیا رپورٹس کے مطابق گوتم اڈانی این ڈی ٹی وی کے حصول کے بعد مکیش امبانی کے سامنے میڈیا سیکٹر میں چیلنج کھڑاکریں گے، جن کے کنٹرول میں نیٹ ورک-18 ہے۔

نئی دہلی: نیوز براڈکاسٹر این ڈی ٹی وی نے جمعرات کو کہا کہ اس کے پروموٹر پرنئے رائے اور رادھیکا رائے پر حصص کی خرید یا فروخت اور سیکورٹیز مارکیٹ سے منسلک ہونے پر پابندی لگائی گئی ہے، اس لیے اڈانی گروپ کولین دین کو مکمل کرنے کے لئے مارکیٹ ریگولیٹرسیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (ایس ای بی آئی) سے منظوری لینی ہوگی۔

این ڈی ٹی وی کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (ایس ای بی آئی) کے 27 نومبر-2020 کے حکم کے تحت، اس کے پروموٹرز کے حصص کی خرید یا فروخت اور سیکورٹیز مارکیٹ کے ساتھ وابستگی پر دوسال کے لئے پابندی لگا ئی گئی ہے اور یہ مدت اگلے 26 نومبر-2022 کو ختم ہو رہی ہے۔

 بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ اڈانی گروپ کو لین دین کو مکمل کرنے کے لیے مارکیٹ ریگولیٹرایس ای بی آئی سے منظوری لینی ہوگی۔ کاروباری گوتم اڈانی کی قیادت میں اڈانی گروپ نے منگل کو اعلان کیا تھا کہ اس کی میڈیا ونگ اے ایم جی میڈیا نیٹ ورکس لمیٹڈ (اے ایم این ایل) بالواسطہ طور پر این ڈی ٹی وی میں 29.18 فیصد حصص حاصل کرے گا اور 26 فیصد حصص کے لیے کھلی پیشکش بھی کرے گا۔

 اسی دن گروپ نے اسٹاک ایکسچینج بی ایس ای اور این ایس ای کو بھی مطلع کیا کہ اے ایم این ایل نے وی سی پی ایل میں 100 فیصد ایکویٹی حصص حاصل کر لیا ہے۔

اڈانی گروپ کے اعلان کے فوراً بعد، این ڈی ٹی وی نے کہا تھا کہ وی سی پی ایل کے ذریعہ حقوق کا استعمال بغیر کسی ان پٹ، بات چیت یا این ڈی ٹی وی کے بانیوں کی رضامندی کے بغیر کیاگیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ این ڈی ٹی وی کے پاس تین بڑے قومی چینلز اور ایک مضبوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے۔ میڈیا کمپنی نے 123 کروڑ روپے کے سود، ٹیکس، فرسودگی اور معافی سے قبل کی کمائی کے ساتھ 421 کروڑ روپے کا ریونیو اورمالی سال -22 میں 85 کروڑ روپے کا خالص منافع درج کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گوتم اڈانی این ڈی ٹی وی کے حصول کے بعد مکیش امبانی کے سامنے میڈیا سیکٹر میں چیلنج کھڑاکریں گے، جن کے کنٹرول میں نیٹ ورک-18 ہے۔