ایر ہوسٹس کا گلا کاٹ دیا گیا، قتل کا مقدمہ درج
ایک 24 سالہ خاتون فلائٹ اٹینڈنٹ (ایرہوسٹس)‘ ممبئی میں واقع اپارٹمنٹ میں مردہ پائی گئی جس کے بعد پولیس نے قتل کا کیس درج کرلیا۔
ممبئی: ایک 24 سالہ خاتون فلائٹ اٹینڈنٹ (ایرہوسٹس)‘ ممبئی میں واقع اپارٹمنٹ میں مردہ پائی گئی جس کے بعد پولیس نے قتل کا کیس درج کرلیا۔
ایرہوسٹس کی شناخت روپل اوگرے متوطن چھتیس گڑھ کی حیثیت سے کی گئی جو ایر انڈیا کی ٹریننگ کے لیے اپریل میں ممبئی آئی تھی۔ اتوار کی رات وہ اندھیری کے مرول علاقہ میں کرشن لال مارواہ میں واقع این جی کامپلکس کے فلیٹ میں مردہ پائی گئی۔
پووائی پولیس نے نامعلوم شخص کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا اور خاطی کی گرفتاری کے لیے کئی ٹیمیں تشکیل دیں۔ تحقیقات کے دوران پولیس کو پتا چلا کہ خاتون اپنی بہن اور اس کے عاشق کے ساتھ فلیٹ میں مقیم تھی، مگر آٹھ دن قبل وہ دونوں اپنے آبائی مقام کو چلے گئے تھے۔ پولیس نے اب انہیں اس واقعہ کی اطلاع دی۔
خاتون کے گھر والوں کا فون نہ اٹھانے پر انہو ں نے ممبئی میں مقامی دوستوں کو فون کرکے اس کے فلیٹ جاکر دیکھنے کو کہا۔ جب خاندان کے مقامی دوست وہاں پہنچے تو انہوں نے فلیٹ اندر سے مقفل پایا اور گھنٹی بجانے پر کوئی جواب نہیں آیا۔
بعد ازاں انہوں نے پووائی پولیس سے رابطہ کیا اور ان کی مدد سے ڈپلی کیٹ کنجی سے فلیٹ کھولا تو انہیں خاتون دستیاب ہوئی جس کا گلا کٹا ہوا تھا۔ اسے فوری راجہ واڑی ہاسپٹل لے جایا گیا مگر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔