تلنگانہ

ایم ایل ایز پوچنگ کیس، کیرالا کے ڈاکٹر کو نوٹس

ایس آئی ٹی نے کریمنل پروسیجر کوڈ کے سیکشن 41A کے تحت کیرالا کے ان دو افراد کو نوٹسیں جاری کی ہیں، ان دونوں کو حیدرآباد میں 21نومبر کو پولیس کمانڈ اینڈ کنٹرول میں ایس آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ پولیس کی اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) نے جو ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی کو خرید نے کی کوشش کے کیس کی تحقیقات کررہی ہے، پوچھ تاچھ کیلئے کیرالا کے ڈاکٹر جگو سوامی اور بی ڈی جے ایس کے صدر تشار ویلا پلی کو سمن جاری کیا ہے۔

جگو کوٹی لِل عرف جگو سوامی، امریتا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس میں کام کرتے ہیں جبکہ تشار ویلا پلی، بھارت دھرما جنا سینا پارٹی کے صدر ہیں۔ ان دونوں کو ارکان اسمبلی کو خرید نے کی کوشش کے کیس کے ملزمین سے روابط کے بارے میں پوچھ تاچھ کیلئے ایس آئی ٹی کے سامنے حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ذرائع نے یہ بات بتائی۔

ایس آئی ٹی نے کریمنل پروسیجر کوڈ کے سیکشن 41A کے تحت کیرالا کے ان دو افراد کو نوٹسیں جاری کی ہیں، ان دونوں کو حیدرآباد میں 21نومبر کو پولیس کمانڈ اینڈ کنٹرول میں ایس آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ضلع ایس پی نلگنڈہ ریما راجیشوری نے جو ایس آئی ٹی کی رکن بھی ہے، گزشتہ5دنوں کے دوران کیرالا میں تحقیقات کے بعد ان دونوں کو نوٹسیں جاری کی ہیں۔ٹیم نے الا پوزہا میں تشار کے گھر پر جوبی ڈی جے ایس کے صدر اور بی جے پی کے حلیف ہیں، نوٹس جاری کی ہے جبکہ گھر پر تشار نہیں تھا، ایم ایل ایز پوچنگ کیس کے تین ملزمین اور ٹی آر ایس کے4ارکان اسمبلی کے درمیان بات چیت کے دوران تشار ویلا پلی کا نام سامنے آیا۔

تشار2019 کے پارلیمانی انتخابات میں حلقہ وائینارڈ سے راہول گاندھی کے خلاف مقابلہ کیا تھا تاہم انہیں شکست فاش ہوئی تھی۔ پولیس ٹیم نے جگوسوامی کے گھر اور ان کے دفتر پر نوٹس چسپاں کی ہے۔ یہ ڈاکٹر مفرور بتایا گیا ہے۔ پولیس نے کیرالا میں جگو سوامی کو پکڑنہیں پائی مگر اس کے گھر اور دفتر سے چنداہم دستاویزات ہاتھ لگے تھے۔

پولیس نے اس کے تین ساتھیوں سے بھی سوالات کئے ہیں۔ ایس آئی ٹی نے کریم نگر کے ایڈوکیٹ بی سرینواس کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں 21 نومبر کو ایس آئی ٹی کے سامنے حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بھوسارا پور سرینواس، صدر ریاستی بی جے پی تلنگانہ بنڈی سنجے کا رشتہ دار بتایا گیا ہے۔

سرینواس پر الزام ہے کہ اُس نے کیس کے ایک ملزم سمہا یاجی کے فضائی سفر کے اخراجات برداشت کئے تھے۔ سی آر پی سی کے سیکشن41 کے تحت نوٹس جاری کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ سرینواس ایڈوکیٹ سے پوچھ تاچھ کی معقول وجہ ہے۔ ایڈوکیٹ کو چھیڑ چھاڑ نہ کرتے ہوئے اپنا موبائل فون بھی ساتھ لانے کی ہدایت دی ہے۔ اسے موبائل فون کے ساتھ دیگر الیکٹرانک آلات جن میں لیاپ ٹاپ، ٹیابلٹ بھی شامل ہے، ساتھ لانے کا حکم دیا گیا۔