مضامین

وقت سے پہلے جھریاں ،آخرکیوں؟

چہرے پر جھریاں کیوں پڑتی ہیں اوران سے کیسے بچاجاسکتا ہے؟ عمر بڑھنے کے ساتھ چہرے پر جھریاں پڑنا ایک قدرتی عمل ہے۔

نازیہ سلیم

چہرے پر جھریاں کیوں پڑتی ہیں اوران سے کیسے بچاجاسکتا ہے؟ عمر بڑھنے کے ساتھ چہرے پر جھریاں پڑنا ایک قدرتی عمل ہے۔ یہ بڑھاپے کی نشانیوں میں سے ایک ہے لیکن کچھ لوگوں کے چہرے پر جھریاں وقت سے پہلے نمودار ہوجاتی ہیں۔ لاپروائی بری عادات یاغیر منظم زندگی اس کی وجوہات ہوسکتی ہیں۔ دیکھا گیا ہے کہ لوگ ان جھریوں کو ختم کرنے کے لیے بہت سا پیسہ خرچ کرتے ہیں۔ جھریاں جسم کے کھلے حصوں جیسا کہ ہاتھ،گردن ،چہرے ،گال اورپیشانی پرنمودار ہوتی ہیں۔ ہم چند باتوں کا خیال رکھیں تواپنے آپ کو بہت عرصے تک جھریوں سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

جھریاں پڑنے کی وجہ :۔

جھریوں کی بڑی وجہ سورج کی شعاعیں آلودگی، پانی کا کم استعمال اورسگریٹ نوشی ہیں۔ اگرآپ کے چہرے پر ابھی تک جھریاں نہیں پڑیں تویہی صحیح وقت ہے کہ کچھ احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں ، اور لمبے عرصے تک اپنے چہرے کو جھریوں سے محفوظ رکھا جائے۔

میک اپ کے ساتھ سوجانا:۔

اکثراوقات سارے دن کی تھکاوٹ کی وجہ سے خواتین میک اپ صاف کیے بغیر ہی سوجاتی ہیں۔ یہ جلد کے لیے نہایت خطرناک ہے اوریہ عمل آپ کووقت سے پہلے بوڑھا کردیتا ہے ۔سونے سے پہلے ہمیشہ میک اپ صاف کریں اورصاف پانی سے منہ دھوکر کسی موئسچرائزرکا استعمال کریں۔

زیادہ گرم پانی سے نہانا:۔

اکثر لوگ سردیوں میں نہانے کے لیے ضرورت سے زیادہ گرم پانی کا استعمال کرتے ہیں۔ یہ ہماری جلد کے لیے انتہائی مضر ہے ۔ اس سے جلد کی باہری تہہ اُتر جاتی ہے اورجھریاں پڑنے کے ساتھ جلدی بیماریوں کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ لہٰذا خیال رکھیں کہ نہانے کے لیے ہمیشہ نیم گرم پانی کا استعمال کیاجائے۔
٭٭٭