مہاراشٹرا

ایم این ایس کے کارکنوں نے خاتون مارکر ڈھکیل دیا، 3 گرفتار

خاتون نے ایم این ایس کے مقامی کارکنوں کی جانب سے وسطی ممبئی کے کاماٹی پورہ علاقہ میں اس کی دکان کے سامنے ایک اشتہار بورڈ لگانے کے لیے کھمبا گاڑنے پر اعتراض کیا تھا جس کی وجہ سے دونوں فریقوں میں جھگڑا ہوگیا۔

ممبئی: مہاراشٹرا نونرمان سینا(ایم این ایس) کے تین کارکنوں کو سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد گرفتار کرلیا گیا جس میں وہ ایک خاتون کے ساتھ برسرعام مبینہ طور پر مارپیٹ کرتے نظر آرہے ہیں۔ 28/ اگست کو پیش آئے اس واقعہ پر جمعرات کو پولیس نے تینوں کو حراست میں لیا تھا۔

پولیس کے مطابق خاتون نے ایم این ایس کے مقامی کارکنوں کی جانب سے وسطی ممبئی کے کاماٹی پورہ علاقہ میں اس کی دکان کے سامنے ایک اشتہار بورڈ لگانے کے لیے کھمبا گاڑنے پر اعتراض کیا تھا جس کی وجہ سے دونوں فریقوں میں جھگڑا ہوگیا۔

ایک عہدیدار نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں راج ٹھاکرے کی قیادت والی ایم این ایس کے ایک مقامی عہدیدار ونود ارگل اور پارٹی کے دیگر دو کارکنوں کو ادھیڑعمر کی ایک خاتون کو طمانچہ رسیدکرتے، اسے دھکا دیتے اور اس کے ساتھ گالی گلوج کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

عہدیدار کے مطابق ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد جمعرات کو ناگپاڑہ پولیس اسٹیشن میں تعزیرات ہند کی دفعہ 323 (حملہ)، 506 (مجرمانہ دھمکی) اور 509 (خاتون کی عزت نفس کو تار تار کرنے کا ارادہ) کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی۔

 انہوں نے بتایا کہ ملزمین کو جمعرات رات دیر گئے گرفتار کرلیا گیا۔ اس اثناء این سی پی نے واقعہ پر ایم این ایس کو نشانہ بنایا۔ این سی پی کے ترجمان مہیش تاپسے نے ایک بیان جاری کرکے کہا کہ ”یہ ایک بے حد افسوسناک اور لائق مذمت واقعہ ہے۔ پارٹی صدر راج ٹھاکرے کو واقعہ پر اپنا موقف واضح کرنا چاہیے۔“

a3w
a3w