دہلی

بی جے پی صرف بلڈوزر اور انہدامی کاروائی کی بات کرتی ہے: اسداویسی

آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے صدر اسدالدین اویسی نے اتوارکے روز کریم نگرمیں ”ہندویکتایاترا“ سے خطاب کے ایک دن بعد آج چیف منسٹر آسام ہیمنت بسوا سرما کو نشانہ تنقید بنایا۔

نئی دہلی: آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے صدر اسدالدین اویسی نے اتوارکے روز کریم نگرمیں ”ہندویکتایاترا“ سے خطاب کے ایک دن بعد آج چیف منسٹر آسام ہیمنت بسوا سرما کو نشانہ تنقید بنایا۔

انہوں نے سرماپرالزام عائدکیاکہ وہ عدم اتحاد اورخوف کی زبان استعمال کررہے تھے۔ اویسی نے کہاکہ بی جے پی قائدین کی تمام باتیں صرف بلڈوزروں اور انہدامی کاروائیوں پر مرکوز ہوتی ہیں۔

یہی ان کااصل منصوبہ ہے۔ اسی کے ذریعہ انہیں جھوٹی امید ہے کہ وہ تلنگانہ میں جیت جائیں گے‘ لیکن ایسا نہیں ہوگا۔تلنگانہ میں بی جے پی نقطہ انجذاب تک پہنچ چکی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ لوگ پریشان ہیں۔

مدرسوں کے خلاف کاروائی کے بارے میں چیف منسٹرآسام کے ریمارکس پرحیدرآبادکے رکن پارلیمنٹ نے کہاکہ ایک برسرعہدہ چیف منسٹر ایسی زبان استعمال کررہاہے جس کامقصد اتحادکوختم کرنا اورخوف پھیلاناہے۔ تلنگانہ کے عوام نے ایسی پھوٹ ڈالنے والی زبان کو مسترد کردیا ہے۔

کیا ان میں اتنی ہمت ہے کہ شمال مشرق میں ایسی زبان کااستعمال کریں جہاں کئی مختلف کلچرپائے جاتے ہیں۔

آل انڈیامجلس اتحادالمسلمین کے صدر نے کہاکہ ہیمنتا بسوا سرمایہ تاثر دینے کی کوشش کرتے ہیں کہ وہ اسمارٹ ہیں لیکن ایسانہیں ہے۔ ایک طرف وہ یکساں سیول کوڈ لانے کی بات کرتے ہیں تودوسری طرف لوجہاد کاتذکرہ کرتے ہیں۔ اس سے ان کی منافقت صاف ظاہر ہوتی ہے۔