بھارت جوڑو یاترا روکنے بی جے پی کی سازش : ریونت ریڈی
صدرٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی ایم پی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی‘راہول گاندھی کی بھارت جوڑویاتراکوروکنے کی منصوبہ بند سازش کررہی ہے۔
حیدرآباد: صدرٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی ایم پی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی‘راہول گاندھی کی بھارت جوڑویاتراکوروکنے کی منصوبہ بند سازش کررہی ہے۔
انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے عہدیدارکانگریس کے اہم قائدین کو نوٹسیں جاری کرتے ہوئے انہیں ہراساں کررہے ہیں تاکہ وہ خوفزدہ ہوکر بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلیں۔
کرناٹک صدر پردیش کانگریس شیوکمارکونوٹس جاری کرتے ہوئے پوچھ تاچھ کے لئے طلب کیاگیاہے تاکہ کرناٹک میں کانگریس کی جاری یاترا میں رکاوٹ پیدا کی جائے۔
ای ڈی نے تلنگانہ کانگریس کے قائدین وسابق وزیر محمدعلی شبیر‘ گیتا ریڈی‘سدرشن ریڈی‘انجن کمار یادو وسابق ایم پی اورجی انیل کمارکونوٹس جاری کرتے ہوئے پوچھ تاچھ کے لئے انہیں دہلی طلب کیاگیاہے تاکہ یہ قائدین راہول گاندھی کی یاترا میں شرکت نہ کرسکیں۔رپونت ریڈی آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہاکہ نیشنل ہیرالڈ کے دوبارہ احیاء کے لئے عطیہ دیناکوئی جرم نہیں ہے۔گزشتہ 6سال میں بی جے پی کو مختلف ذرائع سے 4,841 کروڑ کے عطیات وصول ہوئے ہیں لیکن ای ڈی نے ان عطیہ دہندگان کوکوئی نوٹس جاری نہیں کی ہے۔
صدرپردیش کانگریس نے کہاکہ مرکزی وزیر داخلہ سے لے کر تمام مرکزی اوربی جے پی قائدین کے سی آر پر بدعنوانیوں میں ملوث ہونے کاالزام عائد کررہے ہیں اوراوریہ الزامات عائد کئے گئے ہیں کہ کالیشورم پراجکٹ کے سی آر کے لئے اے ٹی ایم بن گیا ہے۔اس کے باوجود ای ڈی نے کے سی آر کو کوئی نوٹس نہیں جاری نہیں کی۔
خودمیں (ریونت ریڈی) نے کے سی آر کی بدعنوانیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کے سی آر کے خلاف کارروائی کرنے مرکز سے تحریر ی نمائندگی کی ہے لیکن ان کی شکایت کونظرانداز کردیاگیا ۔ اے آئی سی سی کے صدارتی انتخابات میں تلنگانہ کانگریس کی تائید سے متعلق سوال پر ریونت ریڈی نے کہاکہ جوبھی صد ارتی امیدوار ہیں ہم ان کایکساں احترام کرتے ہیں۔