آندھراپردیش
بھوگی کی آگ کو پولیس نے جوتوں سے بجھادیا، نیا تنازعہ
دھرماورم میں جلائی گئی آگ میں متنازعہ سرکاری حکم(جی او) کی نقولات کو جلائے جانے پر پولیس نے آگ کو جوتوں سے بجھادیا جس سے نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔
حیدرآباد: سنکرانتی سے ایک دن پہلے منائے جانے والے بھوگی کے موقع پر اے پی کے ضلع ستیہ سائی کے دھرماورم میں جلائی گئی آگ میں متنازعہ سرکاری حکم(جی او) کی نقولات کو جلائے جانے پر پولیس نے آگ کو جوتوں سے بجھادیا جس سے نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔
ریاست کی اصل اپوزیشن تلگودیشم پارٹی کے قومی سربراہ و اپوزیشن لیڈر چندرا بابونائیڈو کے حالیہ روڈ شوز کے دوران بھگدڑ کے واقعات کے نتیجہ میں بعض افراد کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹ لیتے ہوئے جگن زیرقیادت وائی ایس آرکانگریس حکومت نے جی او نمبر1جاری کرتے ہوئے عوامی سلامتی کے لئے سڑکوں پر کسی بھی قسم کے جلسوں کے انعقاد پر پابندی عائد کردی ہے۔
تلگودیشم لیڈروں نے اس جی او کی نقولات کو ستیہ سائی ضلع میں بھوگی کی آگ کی نذر کردیا جس کی اطلاع پر پولیس وہاں پہنچی۔پولیس ملازمین نے جوتوں سے بھوگی کی آگ کو بجھادیا۔