تلنگانہ: اسکول کے اوقات کے مطابق آر ٹی سی بسیں چلانے کامطالبہ۔طالبات کادھرنا
انہوں نے بتایا کہ اسکول آتے اور جاتے وقت مناسب وقت پر بسیں نہ ملنے کی وجہ سے پڑھائی متاثر ہورہی ہے۔ طالبات نے شکایت کی کہ اسکول کے بعد بس اسٹینڈ پر رات دیر تک انتظار کرنا پڑتا ہے اور اس دوران سڑک پر آنے جانے والے شرپسند اور نشے میں دھت افراد انہیں اکثر پریشان کرتے ہیں۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے جگتیال ضلع کے کستا پور کی طالبات نے آج دھرنا دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اسکول کے اوقات کے مطابق آر ٹی سی بسیں چلائی جائیں۔ طالبات کا کہنا تھا کہ کئی بار انہیں رات گئے تک بس کے انتظار میں کھڑا رہنا پڑتا ہے جس سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسکول آتے اور جاتے وقت مناسب وقت پر بسیں نہ ملنے کی وجہ سے پڑھائی متاثر ہورہی ہے۔ طالبات نے شکایت کی کہ اسکول کے بعد بس اسٹینڈ پر رات دیر تک انتظار کرنا پڑتا ہے اور اس دوران سڑک پر آنے جانے والے شرپسند اور نشے میں دھت افراد انہیں اکثر پریشان کرتے ہیں۔
طالبات نے کہا کہ متعلقہ حکام فوری مداخلت کرتے ہوئے ان کے مسئلہ کو حل کرے تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔
طالبات نے مزید کہا کہ بارش کے دنوں میں گھنٹوں بس اسٹینڈ پر انتظار کرنا ان کے لیے انتہائی تکلیف دہ ثابت ہورہا ہے۔ والدین نے بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بچیوں کے لیے یہ صورتحال اور بھی زیادہ خطرناک ہے۔
مقامی عوام نے آر ٹی سی عہدیداروں اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر اضافی بسوں کا انتظام کیا جائے اور اسکول اوقات کے دوران خصوصی سروس فراہم کی جائے تاکہ طلبہ کو مشکلات سے نجات مل سکے۔