تلنگانہ میں اساتذہ کے تبادلوں اور ترقیوں کو منظوری
سنکرانتی کے تحفہ کے طورپر حکومت تلنگانہ نے سرکاری اور ادارہ جات مقامی کے اسکولوں میں کام کرنے والے اساتذہ کے ترقیوں اور تبادلوں اور ترقیوں کی منظوری دی ہے۔

حیدرآباد: سنکرانتی کے تحفہ کے طورپر حکومت تلنگانہ نے سرکاری اور ادارہ جات مقامی کے اسکولوں میں کام کرنے والے اساتذہ کے ترقیوں اور تبادلوں اور ترقیوں کی منظوری دی ہے۔
ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ اور محکمہ اسکولی تعلیمات کے عہدیداروں کی ٹیچرس یونیوں کے قائدین کے ساتھ بات چیت کے بعد ریاستی وزیر تعلیم سبیتا اندراریڈی نے حکومت کے فیصلہ کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ نے اساتذہ کو سنکرانتی کی مبارکباد اور ترقیوں اور تبادلوں کی خوش خبری دی ہے۔
اُنہوں نے بتایاکہ اساتذہ کی ترقیوں اور تبادلوں کا شیڈول دو، تین دنوں کے اندر جاری کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ابتداء میں ہیڈ ماسٹروں کے تبادلے کئے جائیں گے اس کے بعد 9226 جائیدادوں پر اساتذہ کو ترقی دی جائے گی۔ کستوربا گاندھی بالیکا ودیالاؤں اور ماڈل اسکولوں میں برسرخدمت اساتذہ کے بھی تبادلے کئے جائیں گے۔
ترقیوں اور تبادلوں کا پورا عمل شفاف رہے گا۔ سابق کی طرح اس بار بھی ویب، بیسڈ کونسلنگ سسٹم کے ذریعہ پورا عمل شفافیت کے ساتھ انجام دیاجائے گا۔
سبیتا اندراریڈی نے مزید کہاکہ ترقیوں اور تبادلوں کے عمل کا اطلاق 23 اپریل سے ہوگا جس کا مقصد رواں تعلیمی سال بالخصوص ایس ایس سی طلبہ کی تعلیم میں خلل نہ ہونے پائے۔ انہوں نے اساتذہ برادری سے اپیل کی کہ وہ اس ضمن میں حکومت سے تعاون کریں۔