تیزاب حملے کی شکار خاتون کو ملازمت
کرناٹک کے چیف منسٹر سدارامیا نے اپنی رہائش گاہ پر ایک پبلک میٹنگ کے دوران تیزاب حملے کی متاثرہ پوسٹ گریجویٹ خاتون کو ملازمت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
بنگلورو: کرناٹک کے چیف منسٹر سدارامیا نے اپنی رہائش گاہ پر ایک پبلک میٹنگ کے دوران تیزاب حملے کی متاثرہ پوسٹ گریجویٹ خاتون کو ملازمت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
متاثرہ خاتون اپنے والدین کے ساتھ جنتادرشن میں چیف منسٹر سے مدد طلب کرنے پہنچی تھی۔ اس کے مسائل کی سماعت کے بعد سدارامیا نے برسرموقع اس کو ملازمت فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
خاتون پوسٹ گریجویٹ ہے جس پر اس کے نامراد عاشق نے 28/ اپریل2022 کو تیزاب پھینک دیا تھا۔ اس کے والدین نے کہا کہ انہوں نے سابق چیف منسٹربسواراج بومئی سے بھی ملازمت کی درخواست کی تھی مگر صرف تیقینات دیے گئے۔
چیف منسٹر سدارامیا نے کنٹراکٹ بنیاد پر اس کی تقرری کی ہدایت دی۔ کرناٹک پولیس نے تیزاب حملے کے اس کیس میں عدالت میں 770صفحات کی چارج شیٹ داخل کی۔ تیزاب حملے کے بعد 23سالہ ملازمت پیشہ خاتون کو دواخانہ میں کئی سرجریوں سے گزرنا پڑا اور زندگی کی جنگ لڑنا پڑا تھا۔
حملہ آور ناگیش جو بنگلورو کے سنکداکٹے میں خاتون کے کام کے مقام کے قریب آٹو میں انتظار کررہا تھا، نے اس کا تعاقب کیا اور اس پر تیزاب ڈال دیا۔ خاتون 35فیصد جھلس گئی تھی۔
پولیس نے کہا کہ خاتون اور ملزم ایس ایس ایل سی میں ہم جماعت تھے۔ لڑکی کے صاف انکار کے بعد وہ برہم ہوگیا تھا۔