دہلی

تیستاسیتلواد ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع

سماجی کارکن تیستاسیتلواد ضمانت حاصل کرنے سپریم کورٹ سے رجوع ہوئی ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے 2002 کے فسادات سے متعلق کیسس میں اعلیٰ عہدیداروں بشمول اس وقت کے چیف منسٹر گجرات نریندرمودی کو پھنسانے جعلی دستاویزات تیار کئے تھے۔

نئی دہلی: سماجی کارکن تیستاسیتلواد ضمانت حاصل کرنے سپریم کورٹ سے رجوع ہوئی ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے 2002 کے فسادات سے متعلق کیسس میں اعلیٰ عہدیداروں بشمول اس وقت کے چیف منسٹر گجرات نریندرمودی کو پھنسانے جعلی دستاویزات تیار کئے تھے۔

چیف جسٹس این وی رمنا اور جسٹس جے کے مہیشوری اور جسٹس ہیماکوہلی پر مشتمل بنچ نے کہا کہ ایڈوکیٹ آن ریکارڈ اپرنا بھٹ کی جانب سے اس معاملہ کی ہنگامی سماعت کی درخواست پر رجسٹری کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ جسٹس اودئے اومیش للت کی زیر صدارت بنچ پر اس معاملہ کو 22 اگست کو پیش کرے۔

جاریہ ماہ کے اوائل میں گجرات ہائی کورٹ نے ایس آئی ٹی کو ایک نوٹس جاری کی تھی اور سیتلواد و سابق ڈی جی پی گجرات آربی سری کمار کی جانب سے داخل کی گئی ضمانت کی درخواستوں پر جواب طلب کیا تھا۔ ہائی کورٹ میں اس معاملہ کی سماعت ستمبر میں مقرر ہے۔

سیتلواد نے سپریم کورٹ میں داخل کی گئی اپنی اپیل میں اپنی درخواست ضمانت کی سماعت میں دیڑھ ماہ کے طویل وقفہ پر اعتراض کیا تھا۔ انہوں نے ستیندرکمار انتل بمقابلہ سی بی آئی کیس میں عدالت عظمیٰ کی رولنگ کا حوالہ دیا تھا اور استدلال کیا تھا کہ ضمانت کے معاملات کی جلداز جلد سماعت کی جانی چاہئے۔