تلنگانہ

جگتیال میں برقع پوش مسلم لڑکی پر سب انسپکٹر کا حملہ، مقامی مسلمانوں کا زبردست احتجاج

سب انسپکٹر کا نام انیل کمار بتایا جاتا ہے جس نے لڑکی کے مسلم عقیدے کے خلاف نازیبا زبان بھی استعمال کی۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے جگتیال ٹاؤن میں ایک پولیس سب انسپکٹر کے خلاف آج مقدمہ درج کرلیا جب اس نے آر ٹی سی بس میں سفر کر رہی ایک مسلم لڑکی پر مبینہ طور پر حملہ کیا۔

متعلقہ خبریں
تلنگانہ کے 2 پولیس ملازمین کو راشٹر پتی میڈل

سب انسپکٹر کا نام انیل کمار بتایا جاتا ہے جس نے لڑکی کے مسلم عقیدے کے خلاف نازیبا زبان بھی استعمال کی۔ جگتیال رورل پولیس اسٹیشن کے ایس آئی انیل کمار نے کچھ کانسٹیبلوں کے ساتھ بس کو روک دیا اور برقعہ پوش لڑکی کے ساتھ زیادتی کی۔

بتایا گیا ہے کہ لڑکی نے ایس آئی انیل کمار کی بیوی کے لئے سیٹ خالی نہیں کی تھی۔ تاہم لڑکی کا کہنا ہے کہ بس میں بہت ساری سیٹیں خالی تھیں۔ جب اس نے سیٹ خالی نہیں کی تو انیل کمار کی بیوی نے اپنے شوہر ایس آئی انیل کمار کو فون کردیا اور وہ کچھ کانسٹیبلوں کو لے کر بس تک پہنچ گیا اور لڑکی کے ساتھ گالی گلوچ کی۔

لڑکی نے الزام لگایا کہ جب وہ اپنے موبائل فون پر اس واقعے کی ویڈیو ریکارڈنگ کر رہی تھی تو ایس آئی نے گندی زبان استعمال کی اور اس کا فون چھین لیا۔

اس واقعہ کے بعد جگتیال کی مسلم برادری کے ارکان بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور سب انسپکٹر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے زبردست احتجاج کرتے ہوئے انیل کمار اور اس کی بیوی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا جس پر پولیس نے دونوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

مسلم لڑکی شیخ فرح فاطمہ (22 سالہ) کی شکایت پر پولیس نے ایس آئی، اس کی بیوی اور کانسٹیبل کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے  تحت مقدمہ درج کرلیا۔

اسی دوران حیدرآباد ایم پی اور صدر مجلس اسد الدین اویسی نے جگتیال پولیس سپرنٹنڈنٹ اگادی بھاسکر سے بات کی۔ ایس پی نے یقین دلایا کہ ایس آئی کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

مجلس بچاؤ تحریک کے رہنما امجد اللہ خان خالد نے بھی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو خط لکھ کر ایس آئی کی گرفتاری اور اسے ملازمت سے برخاست کرنے کا مطالبہ کیا۔

اسی دوران تازہ ترین اطلاع کے مطابق ایس پی جگتیال اگادی بھاسکر نے ایک میمو جاری کرتے ہوئے خاطی پولیس سب انسپکٹر انیل کمار کو اس کی خدمات سے ہٹاتے ہوئے پولیس ہیڈ کوارٹرس طلب کرلیا ہے۔

اسے اپنی ذمہ داریاں سب انسپکٹر رائیکل پولیس اسٹیشن کرن کمار کے حوالہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس واقعہ کی انکوائری مکمل ہونے تک ایس آئی انیل کمار لائن حاضر رہے گا۔