تلنگانہ

جے پی نڈا کے پروگرام سے ای راجندر اور کے راجگوپال ریڈی کی دوری

دہلی میں پارٹی کی مرکزی قیادت کے ساتھ بات چیت کے ایک دن بعد حضور آباد کے بی جے پی رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر اور سابق ایم ایل اے کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے اتوار کے روز ناگرکرنول میں منعقدہ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کے جلسہ میں شرکت نہ کرتے ہوئے ایک بار پھر بحث چھیڑ دی ہے۔

حیدرآباد: دہلی میں پارٹی کی مرکزی قیادت کے ساتھ بات چیت کے ایک دن بعد حضور آباد کے بی جے پی رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر اور سابق ایم ایل اے کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے اتوار کے روز ناگرکرنول میں منعقدہ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کے جلسہ میں شرکت نہ کرتے ہوئے ایک بار پھر بحث چھیڑ دی ہے۔

ان اطلاعات کے بعد کہ زعفرانی پارٹی کو خیرآباد کہتے ہوئے کانگریس میں شامل ہونے کا ذہن بناچکے ہیں، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور نڈا نے ان دونوں کو ہفتہ کو دہلی طلب کرتے ہوئے ان سے بات چیت کی تھی۔

تقریباً ایک گھنٹہ طویل بات چیت کے بعد ان دونوں قائدین نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایاکہ بات چیت اور پارٹی کی مرکزی قیادت کی یقین دہانی سے وہ مطمئن ہیں۔ ای راجندر اور کے راجگوپال ریڈی نے مزید کہا تھا کہ بی جے پی چھوڑنے کا ان کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

اس اعلان کے بمشکل 24 گھنٹے کے بعد ان دونوں قائدین نے نڈا کے پروگرام سے دوری اختیار کی۔ بتایاجاتا ہے کہ ای راجندر اور راج گوپال ریڈی نے حیدرآباد میں ریاست کے سینئر پارٹی قائدین کے ا جلاس میں بھی شرکت نہیں کی۔ اس اجلاس سے نڈا نے خطاب کیا۔