حیدرآباد

حیدرآباد اور تلنگانہ کے کئی مقامات پر موسلا دھار بارش

حیدرآباد اور مضافات میں صبح سے ہی تیز بارش کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔ کئی مقامات پر سڑکیں زیر آب آگئیں جس سے گاڑی چلانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

حیدرآباد: حیدرآباد اور تلنگانہ کے کئی مقامات پر جمعہ کو شدید بارش ہوئی، جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے۔

حیدرآباد اور مضافات میں صبح سے ہی تیز بارش کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔ کئی مقامات پر سڑکیں زیر آب آگئیں جس سے گاڑی چلانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

جڑواں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد اور مضافات میں کچھ علاقوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ اپوگوڑا کے رسول پورہ علاقہ میں پائیگاہ کالونی میں پانی داخل ہوگیا۔

گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن  (جی ایچ ایم سی) نے مانسون اور ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی ٹیمیں شکایات کی یکسوئی اور پانی کی فوری نکاسی کے لئے تعینات کردی ہیں۔

جی ایچ ایم سی ڈائرکٹر آف انفورسمنٹ، ویجیلنس اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے کہا کہ ڈی آر ایف کی ٹیمیں چوکس ہیں اور ہنگامی کالوں کو اٹینڈ کر رہی ہیں۔ انہوں نے شہریوں کو درخت گرنے اور دیگر ڈھانچوں کے گرنے کے واقعات کے پیش نظر محتاط رہنے کا مشورہ دیا۔

شہر میں موسلادھار بارش کے باعث ٹریفک پولیس بھی الرٹ ہوگئی۔ سینئر افسران ٹریفک کو منظم کرنے اور پانی بھرنے والے مقامات کو چیک کرنے کے لیے مختلف مصروف چوراہوں پر میدان میں تھے۔

سچترا، چنتل، کومپلی، سکندرآباد، بوئن پلی، ماریڈ پلی، تروملگیری، بولارم، کشائی گوڑا، چلکل گوڑا، بیگم پیٹ اور کاپرا جیسے علاقوں سے موسلادھار بارش کی اطلاع ملی ہے۔

حیدرآباد کے مضافات میں واقع باٹاسنگارم فروٹ منڈی میں بارش کے پانی میں پھل بہہ گئے۔

گوداوری ندی کے اضلاع حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب سے مکمل طور پر ابھرنے سے پہلے ہی بارشوں کے تازہ سلسلہ کے باعث شدید متاثر ہورہے ہیں جس کے نتیجے میں ریاست کو نئے چیلنجوں کا سامنا ہے۔

ضلع محبوب آباد کے تھورور میں کچھ کالونیاں زیر آب آگئیں۔ بھدرادری کوتہ گوڑم ضلع کے ٹیکولاپلی منڈل میں زبردست بارش نے کچھ مقامات پر سڑکوں کے رابطے منقطع کر دیئے۔

دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے اگلے تین دنوں کے دوران ریاست کے کئی حصوں میں بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔

کھمم، سوریا پیٹ، محبوب آباد، ورنگل (دیہی)، ورنگل (شہری) اور جنگاؤں اضلاع میں چند مقامات پر بھاری سے بہت بھاری بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے حیدرآباد سنٹر کے مطابق حیدرآباد اور ملحقہ حیدرآباد اور میڑچل ملکاجگیری اضلاع سمیت کئی اضلاع میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔