حیدرآباد میں رام نومی جلوس، شوبھا یاترا کے دوران مہاتما گاندھی جی کے قاتل گوڈ سے کا پورٹریٹ ڈسپلے کیاگیا
شہرحیدرآبادمیں جمعرات کے روز نکالئے گئے رام نومی جلوس جس کی قیادت بی جے پی سے معطل رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ نے کی‘ کے دوران مہاتماگاندھی جی کے قاتل نتھو رام گوڈسے کے پورٹریٹ کونمایاں طورپر دکھا یاگیا۔
حیدرآباد: شہرحیدرآبادمیں جمعرات کے روز نکالئے گئے رام نومی جلوس جس کی قیادت بی جے پی سے معطل رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ نے کی‘ کے دوران مہاتماگاندھی جی کے قاتل نتھو رام گوڈسے کے پورٹریٹ کونمایاں طورپر دکھا یاگیا۔
شوبھایاتراکے دوران جس کی قیادت متنازعہ لیڈرنے کی‘چندشرکا کو جن کے ہاتھوں میں زعفرانی پرچم تھے‘گوڈسے کی تصویرکے ساتھ نغموں پر رقص کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس یاترا میں سینکڑوں افراد شریک تھے جس کا آغازسیتارام باغ کی ایک مندر سے ہوااوریہ یاتراگوشہ محل علاقہ کے مختلف مقامات سے گزری۔
حلقہ گوشہ محل سے ٹی راجہ سنگھ اسمبلی میں نمائندگی کرتے ہیں۔ شوبھا یاترا کے پر امن انصرام کیلئے پولیس نے بڑے پیمانے پر سیکوریٹی انتظامات کئے۔ جلوس کے گزرنے والے راستوں پر سینکڑوں پولیس جوانوں کو تعینات کیاگیاتھا۔اس کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرونس کے ذریعہ جلوس پر نظررکھی گئی۔پولیس کمشنرسی وی آنند‘انٹگر یٹیڈ کمانڈاینڈکنٹرول سنٹر سے جلوس پر نظر رکھے ہوئے تھے۔
نمائندمنصف کے بموجب شہر میں آج رام نومی کے موقع پرنکالی گئی شوبھایاتراپرامن رہی۔یہ یاترا حلقہ اسمبلی گوشہ محل کے سیتارام باغ کی ایک مندر سے نکالی گئی جومنگل ہارٹ‘بیگم بازار چھتری‘سدی عنبربازار‘گولی گوڑہ سے ہوتی ہوئی کوٹھی کے ہنومان ویائم شالہ پہنچ کر اختتام پزیر ہوئی۔
یاترا کے دوران جی ایچ ایم سی‘فائرسرویسس اورالیکٹرسٹی کے حکام بھی موجودتھے۔حساس علاقوں میں آراے ایف کے جوانوں کوتعینات کیاگیا تھا۔ کوئی ناخوشگوارواقعہ پیش نہیں آیا۔
بتایا جاتاہے جلوس کے دوران ایک مقام پر چندشرپسندوں نے اشتعال انگیز نعرے لگائے۔یاترا کے پرامن اختتام پر سٹی پولیس کمشنر سی وی آنند نے پولیس عہدیداروں اور عوام سے اظہارتشکرکیا۔