خالصتانی دہشت گردوں کے او سی آئی کارڈس منسوخ کردئیے جائیں گے
کینڈا میں مقیم دہشت گرد گرپتونت سنگھ پنوں کی جائیداد کی این آئی اے کے ہاتھوں ضبطی کے ایک دن بعد پتہ چلا ہے کہ حکومت نے تحقیقات ایجنسیوں سے کہا ہے کہ وہ ہندوستان کو مطلوب دیگردہشت گردوں کی جائیدادوں کی نشاندہی کریں۔

نئی دہلی: کینڈا میں مقیم دہشت گرد گرپتونت سنگھ پنوں کی جائیداد کی این آئی اے کے ہاتھوں ضبطی کے ایک دن بعد پتہ چلا ہے کہ حکومت نے تحقیقات ایجنسیوں سے کہا ہے کہ وہ ہندوستان کو مطلوب دیگردہشت گردوں کی جائیدادوں کی نشاندہی کریں۔
یہ دہشت گرد بیرونی ممالک میں مقیم ہیں۔ ذرائع نے بتایاکہ حکومت نے ایجنسیوں سے کہا ہے کہ امریکہ‘ برطانیہ‘ کینڈا اور آسٹریلیا میں آباد خالصتانی دہشت گردوں کی نشاندہی کی جائے اور ان کے او سی آئی(اوورسیزسٹیزن شپ آف انڈیا) کارڈس منسوخ کردئیے جائیں تاکہ یہ لوگ ہندوستان نہ آسکیں۔
نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی نے کل چندی گڑھ اور امرتسر میں گرپتونت سنگھ پنوں کی جائیدادیں ضبط کی تھیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کے اس اقدام سے دہشت گردوں کے پاس پیسوں کی کمی ہوجائے گی اور وہ ہندوستان بھی نہیں آسکیں گے۔
حکومت نے امریکہ‘برطانیہ‘ کینڈا‘ متحدہ عرب امارات‘پاکستان اور دیگر ممالک میں رہنے والے 19 مفرور خالصتانی دہشت گردوں کی شناخت کی ہے۔ ان میں پرمجیت سنگھ پمّا(برطانیہ)‘ وادھواسنگھ ببرعرف چاچا(پاکستان)‘ کلونت سنگھ (برطانیہ)‘ جے ایس دھالیوال(امریکہ)‘ سکھ پاک سنگھ(برطانیہ)‘ ہریت سنگھ عرف راناسنگھ(امریکہ)‘ سربجیت سنگھ بے نور(برطانیہ)‘کلونت سنگھ عرف کانتا(برطانیہ)‘ ہرجاپ سنگھ عرف جپی ڈنگ(امریکہ)‘ رنجیت سنگھ نیتا(پاکستان)‘ گرمیت سنگھ عرف بگا‘گرپریت سنگھ عرف باغی(برطانیہ)‘ جسمین سنگھ حکیم زادہ(متحدہ عرب امارات)‘ گرجن سنگھ ڈھلون(آسٹریلیا)‘ جسبیت سنگھ روڑے(یوروپ اور کینڈا)‘ امریت سنگھ پوریوال(امریکہ)‘ جتندرسنگھ گریوال(کینڈا)‘ دپیندرسنگھ جیت(برطانیہ)‘ ایس ہمت سنگھ(امریکہ) شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی جائیدادیں ضبط کرلی جائیں گی۔ قبل ازیں سیکیوریٹی ایجنسیز نے 11افراد کے گروپ کی شناخت کی تھی جو جرائم پیشہ سرغنوں اور دہشت گردوں کا ہے۔
یہ گروپ فی الحال کینڈا‘ امریکہ اور پاکستان میں مقیم ہیں۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت کی کاروائی سے بیرونی ممالک میں مقیم دہشت گردوں سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ اوسی آئی کارڈس کی منسوخی سے ان کی نقل وحرکت ختم ہوجائے گی۔
یہ لوگ بھولے بھالے نوجوانوں کو اپنے مقصد کیلئے استعمال نہیں کرپائیں گے۔ پنوں کیس میں این آئی اے کی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ اس کی تنظیم سکھس فارجسٹس بھولے بھالے نوجوانوں کو کٹربنانے کیلئے سائبراسپیس کا بیجااستعمال کررہی تھیں۔ ایس ایف جے کو حکومت ہند نے 10جولائی 2019ء کے اعلامیہ کے ذریعہ غیرقانونی تنظیم قراردیاتھا۔