حیدرآباد

دارالعلوم حیدرآباد کی کچھ اراضی اور باب الداخلہ کی ایک کمان سڑک کی توسیع میں شامل

مدرسہ دارالعلوم حیدرآباد واقع شیورام پلی کے باب الداخلہ کی کمان کو تین روز قبل جی ایچ ایم سی کی جانب سے منہدم کرنے کی کوششوں سے متعلق اسسٹنٹ کمشنر جی ایچ ایم سی راجندر نگر زون کرشنا موہن نے وضاحت کی ہے کہ دارالعلوم مدرسہ کے باب الداخلہ کی ایک جانب کی کمان کی توسیع اور اراضی کا کچھ حصہ سڑک کی توسیع میں آرہا تھا۔

حیدرآباد: مدرسہ دارالعلوم حیدرآباد واقع شیورام پلی کے باب الداخلہ کی کمان کو تین روز قبل جی ایچ ایم سی کی جانب سے منہدم کرنے کی کوششوں سے متعلق اسسٹنٹ کمشنر جی ایچ ایم سی راجندر نگر زون کرشنا موہن نے وضاحت کی ہے کہ دارالعلوم مدرسہ کے باب الداخلہ کی ایک جانب کی کمان کی توسیع اور اراضی کا کچھ حصہ سڑک کی توسیع میں آرہا تھا۔

چنانچہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے حصول اراضی قانون کے تحت سڑک کی توسیع کے لئے حاصل کی گئی اراضی اور باب بالداخلہ کی ایک کمان کا معاوضہ 11 کروڑ 45 لاکھ روپے سال 2022 جنوری میں دارالعلوم حیدرآباد کو ادا کردیا گیا۔ اس وقت ذمہ داران مدرسہ نے کہا کہ باب الداخلہ کی ایک کمان جو سڑک کی توسیع میں آرہی ہے اس کو ہم اپنے حساب سے ہٹالیں گے۔

ہم ایک سال سے انتظار کررہے تھے کہ مدرسہ کے ذمہ داران کمان کے ایک حصہ کو ہٹالیں گے۔ مسلسل وعدے کئے گئے لیکن کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔ تین روز قبل انجینئرنگ شعبہ کے عملے کی جانب سے کمان کے ایک حصہ کو ہٹانے کے لئے پہنچے تو انتظامیہ کی جانب سے اعتراض کیا گیا اور بتایا گیا کہ وہ خود کمان کے ایک حصہ کو منہدم کرلیں گے۔

چنانچہ ہم نے انہیں 4 دن کی مہلت دی۔ جس پر اسٹاف واپس ہوگیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ کمان کا ایک حصہ سڑک کی توسیع میں رکاوٹ بن رہا ہے‘ جس کی وجہ سے ٹرافک کے گزرنے میں مشکلات پیدا ہورہی ہیں۔ اگر کمان کو نہیں ہٹایا گیا تو آئے دن نہ صرف حادثات ہونے کا خدشہ ہے بلکہ ٹرافک کا مسئلہ پیداہوگا۔

ہم اس سلسلہ میں مدرسہ کے انتظامیہ سے بات چیت اور ان کی رضامندی سے ہی سڑک کی توسیع میں آنے والی کمان کو ہٹائیں گے۔ سیکشن آفیسر محمد کبیر اللہ خاں نے میڈیا کو بتایا کہ مدرسہ کی 2500 گز اراضی اور کمان کے ایک حصہ کا معاوضہ سال 2022 میں ہی ادا کردیا گیا تھا۔

جب ہم کمان کے ایک حصہ کو منہدم کرنے گئے تو درخواست کی گئی کہ ہم خود کمان کو اپنے حساب سے ہٹالیں گے ورنہ دونوں کمان منہدم ہوجائیں گے۔

چنانچہ ہم نے ان کی درخواست پر انہیں مہلت دی۔ اب جبکہ طویل انتظار کے بعد ہم منہدم کرنے گئے تو اعتراض کیا گیا اور کہا کہ ہمیں 4 دن کی مہلت دی جائے چنانچہ ہم نے انہدامی کارروائی کو ملتوی کرتے ہوئے انہیں مزید مہلت دی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر کرشنا موہن اور سیکشن آفیسر آج دفتر جی ایچ ایم سی راجندر زون میں میڈیا سے بات کررہے تھے۔

a3w
a3w