حیدرآباد

تلنگانہ عوام، تبدیلی چاہتے ہیں: کشن ریڈی

کشن ریڈی نے کہاکہ آئندہ سال ریاست میں منعقد شدنی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو کامیابی ملنا یقینی ہوچکا ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد ایسے شخص کو چیف منسٹر بنایا جائیگا جو ہمیشہ عوام کیلئے دستیاب رہے۔

حیدرآباد: مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام تبدیلی کے حق میں ہیں، ٹی آر ایس سے عاجز آچکے ہیں اور عوام کے سامنے بی جے پی، ٹی آر ایس کی حقیقی متبادل جماعت ہے۔ آج ضلع رنگاریڈی کے آمنگل ٹاؤن میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت میں آمرانہ اور بدعنوان خاندانی حکمرانی جارہی ہے۔

 اقربا پروری عروج پر پہنچ چکی ہے۔ اس طرز حکومت سے عوام بیزار آچکے ہیں۔ دوسری طرف ریاست کے عوام کی امنگوں اور خواہشات کو پورا کرنے بی جے پی ذمہ داری قبول کرنے تیار ہے۔ عوام میں بی جے پی کی مقبولیت میں روزانہ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

آئندہ سال ریاست میں منعقد شدنی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو کامیابی ملنا یقینی ہوچکا ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد ایسے شخص کو چیف منسٹر بنایا جائیگا جو ہمیشہ عوام کیلئے دستیاب رہے۔ریاست کی ترقی عوام کی خوشحالی کو ہی ایجنڈا بنایا جائے گا۔

عوام کی عزت نفس اور وقار کو کے سی آر خاندان کے چنگل سے آزاد کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر خاندان کا حکومت پر ضرورت سے زیادہ اثر انداز ہونے کی بات کا ثبوت کے سی آر، کے ٹی آر اور ہریش راؤ کے پاس اہم15قلمدانوں کی موجودگی ہے۔

 دیگر وزرا کے پاس برائے نام غیر اہم قلمدان ہیں ان تمام کے علاوہ کابینہ میں دوسرے وزراء کی حیثیت صفر ہے۔ مرکزی وزیر نے پھر ایک بار واضح کیا کہ بی جے پی مذہب کی بنیاد پر تحفظات کی فراہمی کے خلاف ہے اور تلنگانہ میں اقتدار حاصل ہونے کے بعد مذہب کی بنیاد پر تحفظات کو ختم کردیا جائے گا۔

ریاست میں قبائیلیوں کو ان کی آبادی کے تناسب سے تحفظات فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ کی ترقی کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے ممکنہ تعاون کیا جارہا ہے۔

حیدرآباد۔ سری سیلم قومی شاہراہ کے تحت تکو گوڈا تا ڈنڈی تک85 کیلو میٹر چارلین سڑک کی توسیع کیلئے1720 کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں۔ متحدہ ضلع محبو نگر میں 788کیلو میٹر قومی شاہراہ کی تعمیر کیلئے 16571کروڑ اور کلوا کرتی تا کولا پور تک 79 کیلو میٹر سڑک کی تعمیر کیلئے886 کروڑ روپے منظور کئے گئے۔

a3w
a3w