شمالی بھارت

دہشت گردوں سے بی جے پی کے روابط کی تحقیقات ضروری

کانگریس گووند سنگھ دوتاسرا نے منگل کے دن ڈائرکٹر جنرل این آئی اے کو لکھا کہ دہشت گردوں سے بی جے پی کے مبینہ روابط کی اچھی طرح تحقیقات کی جائیں۔ مکتوب میں لکھا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق اُدئے پور ہلاکت کا ایک اہم ملزم ریاض بی جے پی رکن ہے۔

جئے پور: مختلف میڈیا رپورٹس کے حوالہ سے صدر راجستھان پردیش کانگریس گووند سنگھ دوتاسرا نے منگل کے دن ڈائرکٹر جنرل این آئی اے کو لکھا کہ دہشت گردوں سے بی جے پی کے مبینہ روابط کی اچھی طرح تحقیقات کی جائیں۔

انہوں نے مکتوب میں لکھا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق اُدئے پور ہلاکت کا ایک اہم ملزم ریاض عطاری بی جے پی رکن ہے۔ وہ پارٹی کے مختلف پروگرامس میں شرکت کرتا رہا ہے۔ بی جے پی قائدین کے ساتھ اس کی تصاویر وائرل ہیں۔ میڈیا کا کہنا ہے کہ وہ بی جے پی کا سرگرم رکن ہے۔

میڈیا میں ایک اور خبر آئی ہے کہ جموں میں پکڑا گیا دہشت گرد بی جے پی آئی ٹی سل کا سربراہ تھا۔ انہوں نے سوال کیا کہ دہشت گردوں سے بی جے پی کی کیا سازباز ہے؟۔ انہوں نے حیدرآباد میٹنگ کے بعد بی جے پی قائدین کے دورہ ئ ادئے پور پر بھی سوال اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو عوام کی کوئی پرواہ نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ حیدرآباد کے سفر سے لطف اندوز ہونے کے بعد بی جے پی قائدین‘کنہیالال کے مکان پہنچے۔ 7 دن کی تاخیر سے انہوں نے کنہیالال کے مکان کا رخ کیا جبکہ ہمارے چیف منسٹر نے جودھپور کا دورہ منسوخ کرکے اُدئے پور کا رخ کیا تھا۔

 ڈی جی‘ سی ایس‘ اے سی ایس ہوم اور خود میں چیف منسٹر صاحب کے ساتھ اُدئے پور گئے تھے۔ بی جے پی کا کوئی قائد نہیں آیا تھا۔ کانگریس قائد نے کہا کہ گلاب چند کٹاریہ‘ مقامی رکن اسمبلی اور قائد اپوزیشن ہیں ان کی ذمہ داری تھی کہ وہ اُدئے پور میں قیام کرتے اور صورتِ حال کو کنٹرول میں لانے حکومت کی مدد کرتے لیکن وہ 28 جون کے واقعہ کے دوسرے ہی دن حیدرآباد روانہ ہوئے۔ اب بی جے پی والے راج نیتی کرنے کنہیا کے گھر جارہے ہیں۔

a3w
a3w