دہلی ایرپورٹ پر 90 لاکھ کی دواؤں کے ساتھ مسافر پکڑا گیا
اندراگاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر ویتنام جانے والے ایک مسافر کے قبضہ سے 90 لاکھ روپئے کی دوائیں ضبط کی گئیں۔ سی آئی ایس ایف کے عہدیدار نے اتوار کے دن یہ بات بتائی۔
نئی دہلی: اندراگاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر ویتنام جانے والے ایک مسافر کے قبضہ سے 90 لاکھ روپئے کی دوائیں ضبط کی گئیں۔ سی آئی ایس ایف کے عہدیدار نے اتوار کے دن یہ بات بتائی۔
اُس نے کہاکہ ہفتہ کے دن سی آئی ایس ایف سرویلانس/ انٹلیجنس اسٹاف نے ٹرمنل 3 کے چیک اِن ایریا میں ایک مسافر کی مشتبہ سرگرمیاں نوٹس کیں۔
روی بھائی دیویندربھائی جوشی نامی یہ مسافر ویتنام ایرلائنس کی پرواز سے سفر کرنے والا تھا۔ اُسے رینڈم چیکنگ پوائنٹ لے جاکر اُس کے سامان کی اچھی طرح تلاشی لی گئی۔
ایکس بی آئی ایکس مشین کے ذریعہ اُس کے بیگیج کی اسکریننگ میں پتہ چلا کہ اندر کوئی مشتبہ چیز موجود ہے۔ اُس کے ٹرالی بیاگ اور 7 کارٹنس کی اسکریننگ کی گئی۔ بعد ازاں اِنہیں کھول کر دیکھا گیا تو اندر 90 لاکھ 68 ہزار روپئے مالیتی مختلف دوائیں پائی گئیں۔
مسافر نہ تو کوئی کاغذات پیش کرسکا اور نہ ڈاکٹروں کی پرچی۔سینئر سی آئی ایس ایف کسٹمس عہدیداروں کو اس کی جانکاری دے دی گئی اور مسافر کو دواؤں کے ساتھ کسٹمس کے حوالے کردیا گیا۔