جموں و کشمیر

کشمیری عوام 30برس بعد بڑے پردہ پر فلمیں دیکھ سکیں گے: لفٹننٹ گورنر

لفٹننٹ گورنر جموں وکشمیر منوج سنہا نے اتوار کے دن اضلاع پلوامہ اور شوپیان میں ملٹی پرپز سینما ہالس کا افتتاح کیا۔ اُنہوں نے کہاکہ آج کا دن مرکزی زیر انتظام علاقہ جموں وکشمیر کیلئے تاریخی دن ہے۔

سری نگر: لفٹننٹ گورنر جموں وکشمیر منوج سنہا نے اتوار کے دن اضلاع پلوامہ اور شوپیان میں ملٹی پرپز سینما ہالس کا افتتاح کیا۔ اُنہوں نے کہاکہ آج کا دن مرکزی زیر انتظام علاقہ جموں وکشمیر کیلئے تاریخی دن ہے۔

پلوامہ اور شوپیان میں ہمہ مقصدی سینما ہالس میں مووی دیکھنے، تفریح اور نوجوانوں میں مہارت پیدا کرنی جیسی سہولتیں فراہم ہوں گی۔ زائد از 30 برس بعد کشمیر کے عوام بڑی اسکرین پر فلمیں دیکھ سکیں گے۔ اپنی نوعیت کا پہلا ملٹی پلیکس سری نگر میں جاریہ ماہ عوام کیلئے کھلنے کا امکان ہے۔

دھر فیملی اور آئیناکس اس ملٹی پلیکس کیلئے مل جل کر کام کررہے ہیں۔ یہ سری نگر سٹی سنٹر کے کڑے پہرہ والے علاقہ سوناوار میں کھلنے والا ہے۔ درسوپلوامہ اور ایم سی شوپیان میں نئے ملٹی پرپز سینما ہالس کی کشادگی کے موقع پر نوجوان، طلباء اور مختلف شعبہ حیات کے لوگ اکھٹا ہوئے۔

حکومت کے مشن یوتھ محکمہ نے ضلع انتظامیہ کے اشتراک سے ضلع مستقروں پر سینما ہال قائم کرنے کا بیڑہ اُٹھایا ہے۔اننت ناگ، سری نگر، باندی پورہ، گاندربل، ڈوڈا، راجوری، پونچھ، کشٹوار اور ریاسی میں سینما ہالس عنقریب کھل جائیں گے۔ لفٹننٹ گورنر نے ملٹی پرپز سینما ہالس کے حوالہ سے کہاکہ کشمیر کی نوجوان نسل نے اِس لمحہ کیلئے طویل انتظار کیا ہے۔

اُنہوں نے کہاکہ حکومت مرکزی زیر انتظام علاقہ کے ہر ضلع میں ایسے ہی سینما ہال کھولے گی۔ سینما ایک طاقتور تخلیقی ذریعہ ہے جو ثقافت، اقدار اور عوامی امنگوں کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ جانکاری کی دنیا، نئی دریافتوں کا دروازہ کھولتا ہے۔ اِس سے لوگوں کو ایک دوسرے کا کلچر بہتر سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔

جموں وکشمیر کا سینما کی دنیا سے دیرینہ لگاؤ رہا ہے۔ لفٹننٹ گورنر نے کہاکہ سینما نے ہمارے ملک میں سماجی تبدیلی میں بڑا رول ادا کیا ہے۔ اُس نے رول ماڈل دیئے ہیں جن سے ہمیں سماج اور قوم کیلئے کام کرنے کی تحریک ملتی ہے۔

اُنہوں نے کہاکہ حکومت یہ یقینی بنارہی ہے کہ جموں وکشمیر کے باصلاحیت نوجوانوں کو صحیح پلیٹ فارم، تعلیم کی جدید سہولتیں ملیں۔ نئے سینما ہالوں سے مقامی لوگوں کیلئے روزگار پیدا ہوا۔ 1990 میں مسلح شورش کے بعد سینما ہال بند ہوگئے تھے۔ وادی کشمیر میں کئی سینما ہالوں کو سیکوریٹی کیمپس میں تبدیل کردیا گیا۔ ایک سینما ہال میں پریمئیر میڈیکل سنٹر کام کررہا ہے جبکہ دیگر بند پڑے ہیں۔