دہلی

دہلی میں مزید اسکولوں کے قیام کے لیے جگہ کی قلت کا مسئلہ: سسوڈیہ

حکومت ِ دہلی‘ دارالحکومت کے تمام منطقوں میں خصوصی مہارت کے حامل اسکول قائم کرنا چاہتی ہے، لیکن جگہ کا مسئلہ ہے۔

نئی دہلی: حکومت ِ دہلی‘ دارالحکومت کے تمام منطقوں میں خصوصی مہارت کے حامل اسکول قائم کرنا چاہتی ہے، لیکن جگہ کا مسئلہ ہے۔

ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیہ نے آج ایک اسکول کے دورہ کے موقع پر یہ بات بتائی۔ وہ سورج مل وہار میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اسکول آف اسپیشلائزڈ ایکسیلنس کے طلبہ سے خطاب کررہے تھے۔

اس نوعیت کے اسکول نویں تا بارہویں جماعت کے طلبہ کی پسند پر مبنی اسکول ہیں جو طلبہ کو تعلیم کے مخصوص شعبہ میں مہارت حاصل کرنے کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔

فی الحال قومی دارالحکومت میں اسپیشلائزڈ ایکسیلنس کے 46 اسکول قائم ہیں۔ سسوڈیہ نے کہا کہ یہاں ہم مہارت پر مبنی تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ ہم نے آئی بی بورڈ کے ساتھ اشتراک کیا ہے اور یہ ہماری جانب سے اپنی نوعیت کی ایک پہل ہے۔ سیکھنا اہم ہے۔

ہم پر یہاں تعلیم کا کوئی دباؤ نہیں۔ یہاں طلبہ کو تمام مضامین سے روشناس کرایا جاتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ تمام منطقوں میں ایسے اسپیشلائزڈ اسکول قائم کریں لیکن ہمیں جگہ کی قلت کے مسئلہ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وزیر نے کہا کہ حکومت اس سمت میں آگے بڑھنے کے لیے طلبہ کے اعداد و شمار (ڈاٹا) حاصل کررہی ہے۔

وہ ان اسکولوں کو توسیع دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے میونسپل کارپوریشن آف دہلی سے ڈاٹا حاصل کیا ہے اور یہ میپنگ کررہے ہیں کہ کس منطقہ سے تعلق رکھنے والے کتنے طلبہ تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

ہمارے پاس یہ اعداد و شمار موجود ہیں کہ طلبہ کب چھٹی جماعت میں آتے ہیں۔ ہم نے اعداد و شمار حاصل کرلیے ہیں کہ کن اسکولوں کے طلبہ کے بنیادی مضامین واضح ہیں اور کن اسکولوں میں ہمیں ابتداء سے کام کرنا پڑے گا۔