حیدرآباد

رکن اسمبلی جوبلی ہلز کے پی اے کی گرفتاری کامطالبہ

مہیلاکانگریس کارکنوں نے رکن اسمبلی ماگنٹی گوپی ناتھ کے پرسنل اسسٹنٹ(پی اے) وجئے سمہا کے خلاف فوری کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔

حیدرآباد: مہیلا کانگریس کارکنوں نے رکن اسمبلی ماگنٹی گوپی ناتھ کے پرسنل اسسٹنٹ(پی اے) وجئے سمہا کے خلاف فوری کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔

سٹی مہیلاکانگریس صدر ورالکشمی کی قیادت میں مہیلاکارکنوں نے آج پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن کے روبرو احتجاج منظم کیااورسرکل انسپکٹر سے ملاقات کی اوررکن اسمبلی جوبلی ہلز کے پرسنل اسسٹنٹ پرایک خاتون پرحملہ کرنے اور انہیں ہراساں کرنے کاالزام عائد کیا اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔

بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ورالکشمی نے بتایا کہ ریاست میں خواتین اور لڑکیوں کا کوئی تحفظ نہیں ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ رکن اسمبلی گوپی ناتھ کے پرسنل اسسٹنٹ وجئے سمہا‘کل رات نشہ کی حالت میں ایک خاتون کے مکان پرپہنچا اور ان سے نازیباحرکت کی۔

شراب کی باٹل پھوڑ کر اس خاتون کے گلے پروار کرنے کی کوشش کی جس کے نتیجہ میں خاتون زخمی ہوگئی۔ پولیس نے انہیں تیقن دیا کہ وہ اس واقعہ کی تحقیقات کے بعدرکن اسمبلی کے پرسنل اسسٹنٹ کے خلاف کارروائی کریں گے۔انہوں نے کہاکہ پولیس نے تاحال ملزم کوگرفتارنہیں کیا۔

انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں شراب عا م ہوچکی ہے۔ چیف منسٹرکے سی آر نے تلنگانہ کوشراب اسٹیٹ میں تبدیل کردیاہے۔اگروجے سمہا کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی تومہیلا کانگریس کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاج کیاجائے گا۔