تلنگانہ

ریاست میں دھان خریدی کے 7 ہزار مراکز قائم کئے جائیں: کے چندرشیکھرراؤ

تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ نے ربیع سیزن میں کسانوں سے جنگی خطوط پر دھان خریدنے کیلئے ریاست بھر میں 7ہزار خریدی مراکز قائم کرنے کی ہدایت دی۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ نے ربیع سیزن میں کسانوں سے جنگی خطوط پر دھان خریدنے کیلئے ریاست بھر میں 7ہزار خریدی مراکز قائم کرنے کی ہدایت دی۔

چیف منسٹر نے اس ضمن میں چیف سکریٹری شانتی کماری اور کمشنر سیول سپلائز انیل کمار کو ضروری اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے۔

استقدامی اثر کے اقدامات کے حصہ کے طورپر انہوں نے چیف سکریٹری کو پیر کے روز تمام اضلاع کے کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ان کلکٹرس کو دھان خریدی مراکز کے قیام کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایات دینے کا حکم دیا ہے۔

چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ریاست بھر میں دھان خریدی کے 7 ہزار مراکز قائم کرتے ہوئے جتنا جلد ہوسکے، کسانوں سے دھان کی خریدی کا عمل شروع کرنے کی ہدایت دی۔

دریں اثناء مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے مرکزی وزیر فوڈس وعوامی نظام تقسیم پیوش گوئل پر زوردیا کہ وہ ربیع سیزن میں تلنگانہ سے 15 لاکھ میٹرک ٹن ابلا چاول خریدنے کے اقدامات کریں۔

پیوش گوئل کے نام روانہ کردہ اپنے مکتوب میں کشن ریڈی نے کہاکہ مرکز، تلنگانہ کے کسانوں کی مدد بدستور جاری رکھے گی۔اس طرح کی صورتحال کو واضح طورپر اس سال بھی دیکھا جاسکے گا۔