سخت گیر ہندو توا کیسینو آرگنائزر چکوٹی پروین کو بی جے پی میں شرمندگی کا سامنا
چکوٹی پروین اپنے حامیوں کے ہمراہ جلوس کے ساتھ پارٹی میں شمولیت کیلئے ریاستی دفتر بی جے پی پہنچے تھے مگر وہاں جی کشن ریڈی اور پارٹی کے دیگر قائدین کی عدم موجودگی کے بعد مایوسی کے عالم میں وہ واپس ہوگئے تھے۔
حیدرآباد: کیسینو آرگنائزر چکوٹی پروین کو بی جے پی میں شامل کرنے کے مسئلہ پر تلنگانہ بی جے پی یونٹ میں اختلافات ابھر کر سامنے آئے۔
چکوٹی پروین اپنے حامیوں کے ہمراہ جلوس کے ساتھ پارٹی میں شمولیت کیلئے ریاستی دفتر بی جے پی پہنچے تھے مگر وہاں جی کشن ریڈی اور پارٹی کے دیگر قائدین کی عدم موجودگی کے بعد مایوسی کے عالم میں وہ واپس ہوگئے تھے۔
گریٹر حیدرآباد میں بھی بی جے پی کے کئی کارپوریٹرس نے چکوٹی کی پارٹی میں داخلہ کے سخت مخالف ہیں۔ چند قائدین نے پارٹی قیادت کو یہاں تک دھمکی دے دی کہ اگر پروین کو پارٹی میں شامل کیا جاتا ہے تو وہ پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے استعفیٰ دے دیں گے۔
بی جے پی ذرائع کے مطابق کشن ریڈی بھی، اس متنازعہ شخص کو پارٹی میں شامل کرنے کے حق میں نہیں ہیں تاہم پارٹی کے ایم پی و سابق ریاستی صدر بنڈی سنجے کمار اور ان کے حامی، پارٹی قیادت پر چکوٹی پروین کو پارٹی میں شامل کرنے کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں کیونکہ ان کا کہنا ہے کہ چکوٹی کا سخت گیر ہندو توا، پارٹی کیلئے مدد گار ثابت ہوگا۔
بتایا جاتا ہے کہ وہ، مجوزہ اسمبلی الیکشن میں جی ایچ ایم سی کے حلقہ ایل بی نگر سے بی جے پی ٹکٹ پر انتخاب لڑنے کے خواہاں ہیں۔ کیسینو آرگنائزر پراوین کو کل، اس وقت خفت اٹھانی پڑی جبکہ وہ پارٹی میں شامل ہونے کیلئے صدر ریاستی دفتر پہنچے مگر انہیں دفتر میں پارٹی کے ترجمان نے وضاحت کی کہ چند کمیونیکشین کی گڑ بڑ کی وجہ سے آپ کی، پارٹی میں شمولیت کو موخر کردیا گیا۔
انہیں بتایا گیا کہ کشن ریڈی اور دیگر قائدین، اندرا پارک کے دھرنا کے انتظامات میں مصروف ہیں۔ انہیں بتایا گیا کہ پارٹی کے سینئر قائدین سے مشاورت کے بعد ایک پروگرام میں انہیں پارٹی میں شامل کیا جائے گا۔
وہ ایک متنازعہ شخصیت ہیں، گجویل پولیس نے جولائی میں ان کے خلاف ایک کیس درج کرلیا ہے۔ ٹاؤن میں فرقہ وارانہ جھڑپ کے بعد نافذ امتناعی احکام کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چکوٹی پروین نے گجویل میں ایک ریالی نکالی تھی۔
بونال تہوار کے دوران ایک خانگی سیکوریٹی ملازم کو غیر قانونی ہتھیار سے دھمکانے پر سٹی پولیس حیدرآباد نے چکوٹی کے خلاف ایک کیس درج کرلیا۔
چندماہ قبل چکوٹی پروین کو دیگر کئی افراد کے ساتھ تھائی لینڈ میں ایک کیسینو پر دھاوا کے بعد گرفتار کرلیا گیا تھا۔ جو اریوں کے حلقوں میں پی سی کے نام سے مشہور پروین، اپنے جدید لائف اسٹائل کیلئے جانا جاتا ہے۔ اس کی کئی ویڈیووائرل ہوئی ہیں۔ جس میں اپنی رینج روور کار میں اپنے پالتو اژدھے کو لیجانے والا ویڈیو بھی شامل ہے۔